سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داروں کو ہر میدان میں شکست دینگے، خرم نواز گنڈا پور
لاہور(جنرل رپورٹر) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے 9اکتوبر کے جلسہ میں بھر پور شرکت کرینگے اب یہ سیاسی جنگ ہماری ہے ،سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داروں کو ہر میدان میں شکست دیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روزپاکستان تحریک انصاف پنجاب کے چیف آرگنائزر چودھری سرورسے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پرچودھری سرور نے تحریک انصاف کی حمایت کے اعلان پر شکریہ ادا کیا اور 9اکتوبر کے جلسہ میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی ۔چودھری سرور نے کہا کہ نوجوانوں کو متحرک کرنا ڈاکٹر طاہر القادری اور عمران خان کی بہت بڑی سیاسی ،جمہوری اورقومی خدمت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سٹیٹس کو کی جماعتوں سے نجات کیلئے ہم خیال جماعتوں کو اکٹھا ہونا ہو گا ۔خرم نواز گنڈ اپور کا مزید کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہدا بیٹے اور بیٹیوں کا بدلہ لینے کیلئے ہر حد تک جائینگے ۔