جانوروں کے ڈاکٹر آصف ہمایوں کو ریٹرنگ افسر ننکانہ کے عہدے سے ہٹانے اورکسی دوسری جگہ اس عہدے پر نہ لگانے کا حکم

جانوروں کے ڈاکٹر آصف ہمایوں کو ریٹرنگ افسر ننکانہ کے عہدے سے ہٹانے اورکسی ...

  

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہورہائیکورٹ نے قانون سے عدم واقفیت کی بنا پرماہر امراض حیوانا ت ڈاکٹر محمد آصف ہمایوں کو ریٹرنگ افسر ننکانہ صاحب کے عہدے سے فوری طورپر ہٹانے اوراسے صوبہ میں کسی دوسری جگہ بھی ریٹرننگ افسرتعینات نہ کرنے کا حکم دے دیاہے۔مسٹرجسٹس عبادالرحمن لودھی نے یہ حکم محمد شہباز نامی شہری کی درخواست پرجاری کیا، درخواست گزارکے وکیل نے موقف اختیارکیا کہ ریٹرننگ افسر ننکانہ صاحب محمد آصف ہمایوں جانوروں کے ڈاکٹر ہیں جنہیں رینٹرنگ افسر ننکانہ صاحب لگادیاگیا ہے ،ان کے پاس کاغذات نامزدگی بارے فیصلے کرنے کا کوئی تجربہ نہیں ہے۔ یونین کونسل 21سے 26 تک کے کاغذات نامزدگی کو منظورکرتے ہوئے دوسرے فریق کے اعتراضات کو سنا ہی نہیں گیا جبکہ کاغذات نامزدگی کے حوالے سے کئے جانے والے فیصلے بھی قانون کے منافی ہیں ، کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف دائراپیلوں کے فیصلوں کے بعد بھی رینٹرنگ افسر کاغذات نامزدگی کی منظوری یا مسترد کرنے بارے فیصلہ کررہا ہے، انہوں نے کاغذات نامزدگی کو مسترد یا منظورکرتے ہوئے فیصلوں میں سابقہ تاریخیں ڈالیں ،بعض پر دستخط ہی نہیں کئے گئے۔ وکیل کا کہناتھا کہ ریٹرنگ افسر کے کئے گئے غیرقانونی فیصلوں کو کالعدم قراردیا جائے ، عدالت کے طلب کرنے پر کاغذات نامزدگی کے بارے میں ریٹرنگ افسر کے فیصلوں کاریکارڈ پیش کیا گیا۔ عدالت نے ریکارڈ کا جائزہ لینے اورفریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعدڈاکٹر محمد آصف ہمایوں کو ریٹرنگ افسر ننکانہ صاحب کے عہدے سے ہٹانے اوراسے صوبے میں کسی دوسری جگہ بھی بطور ریٹرننگ افسرتعینات نہ کرنے کا حکم جاری کردیا ہے ۔

مزید :

صفحہ آخر -