ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے،عارف یوسف

ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے،عارف یوسف

  

پشاور( پاکستان نیوز)وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے قانون و پارلیمانی امور عارف یوسف نے بدھ کے روز حلقہ پی کے 4-پشاور صدر کے علاوہ نوتھیہ، گلبرگ سمیت مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور اس دوران انہوں نے مختلف سکیموں پر جاری کام کی رفتار کا جائزہ لیا۔ڈائریکٹر پی ڈے اے اکرام اﷲ، کنٹونمنٹ بورڈ کے ممبران غلام حسین اور شیر افضل ٹاؤن کونسل اور پی کے 4-کے کونسلرز بھی ان کے ہمراہ تھے۔معاون خصوصی نے سڑکوں، نکاسی آب، فٹ پاتھ،مواصلات، آبنوشی اور صحت کی سکیموں کے کام کے معیار اور رفتار کا تفصیلی معائنہ کیا اور موقع پر موجود معززین علاقہ اور تاجر برادری کو درپیش مسائل کے متعلق تبادلہ خیال بھی کیا۔معاون خصوصی نے متعلقہ افسران سے کہا کہ عوام کے خون پسینے کی رقوم کے فنڈز سے فلاحی منصوبے شروع کئے جاتے ہیں اس لئے ان میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جاسکتی ۔انہوں نے ہدایت کی کہ وہ ترقیاتی عمل کوبروقت پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے تاکہ لوگوں کو ریلیف مل سکے۔عارف یوسف نے کہا کہ تحریک انصاف کا منشور عوام کو حقیقی معنوں میں مشکلات سے نجات دلانا ہے اور اس سلسلے میں تمام تر وسائل بروئے کار لائے جار ہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی بہتر پالیسیوں اور قانون سازی کی بدولت بدعنوانی ،رشوت اور ناانصافیوں کا تدارک ہوا ہے اور موجود حکومت ایک ایسا نظام وضع کررہی ہے جسکی بدولت آئندہ کسی کو بدعنوانی و اقربا پروری کی ہمت نہیں ہو گی اور نظام میں شفافیت آئے گی۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -