کوہاٹ کی خوبصورتی وترقی پرکروڑوں منصوبے کی کنسلٹنی مکمل

کوہاٹ کی خوبصورتی وترقی پرکروڑوں منصوبے کی کنسلٹنی مکمل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کوھاٹ (بیورو رپورٹ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خان خٹک کی ہدایت پرشروع کردہ ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز کی خوبصورتی وترقی کے پراجیکٹ کے تحت کوہاٹ کی خوبصورتی و ترقی کے 26 کروڑ 75 لاکھ روپے کے منصوبے کی کنسلٹنسی مکمل ہوچکی ہے اوراس پربہت جلدعملی کام شروع کردیا جائے گا۔اسی طرح کوہاٹ ڈویژن کے تینوں اضلاع کوہاٹ ،کرک اورہنگوسے مستقل تجاوزات کا خاتمہ کردیاگیاہے جبکہ عارضی تجاوزات روزانہ کی بنیاد پرہٹائے جاتے ہیں ۔یہ بات کمشنر کوہاٹ ڈویژن مسرت حسین خان کوبدھ کے دن کمشنر ہاؤس میں منعقدہ اجلاس میں بتائی گئی ۔اجلاس میں دوسروں کے علاوہ ڈپٹی کمشنر کوہاٹ ظاہر شاہ مومند اورکوہاٹ ،کرک اورہنگو کے اضلاع کے انتظامی افسران اور قومی تعمیر نومحکموں کے سربراہوں نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں تجاوزا ت کے خلاف جاری مہم پر اطمینان کااظہارکیاگیا تاہم تمام محکموں کو ہدایت کی گئی کہ وہ تجاوزات کے زد میںآنے والے اپنے اثاثوں کی نشاندہی کرکے ان کی تفصیلی رپورٹ انتظامیہ کو پیش کریں تاکہ اس سلسلے میں فوری پیش رفت کی جاسکے ۔اسی طرح کوہاٹ کی خوبصورتی اورترقی اورآبنوشی ونکاسی آب کے منصوبوں پربھی کام کی رفتار کاجائز ہ لیاگیا اور متعلقہ حکام کو ان منصوبو ں پر کام تیزتر کرنے کی ہدایت کی گئی ۔اجلاس میں او ٹی ایس چوک تاگلشن آباد روڈ جس پر26 کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں پر بھی کام تیز کرنے کے احکامات جاری کئے گئے۔کمشنر کوہاٹ ڈویژن نے اپنے مختصر خطاب میں قومی تعمیر نو محکموں کے سربراہوں کوسختی سے ہدایت کی کہ وہ حکومت خیبرپختونخوا کی جانب سے تجاوزات ہٹانے اوردیگر منصوبوں کے سلسلے میں وقتاًفوقتاً جاری کردہ احکامات پر من وعن عمل درآمد یقینی بنائیں اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی نہ برتیں۔انہوں نے خبر دار کیا وہ تمام منصوبوں کی خودنگرانی کے لئے ماہانہ جائزہ اجلاس منعقد کریں گے اور جو بھی غفلت یاکوتاہی کامرتکب پایا گیاتو اس کے خلاف سخت تادیبی کاروائی کی جائیگی۔