افغان صحافیوں کا پختونخوا ریڈیو پشاور کا دورہ ،انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے کرار اور ذمہ داریوں سے متعلق بریفنگ

افغان صحافیوں کا پختونخوا ریڈیو پشاور کا دورہ ،انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے کرار ...

  

پشاور( پاکستان نیوز)صحافی اپنی مثبت اور با مقصد رپورٹنگ سے پاکستان اور افغانستان کو نہ صرف مزید قریب لا سکتے ہیں بلکہ دونوں ممالک کے مابین بڑھتے ہوئے خلاء اور دوری کا بھی خاتمہ کر سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار افغان صحافیوں نے منگل کے روز پختونخوا ریڈیو FM92.2 پشاور کے دورے کے دوران کیا۔پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ کے نمائندے ضیاء الحق کی زیر قیادت افغان وفد نے پختونخوا ریڈیو میں دو گھنٹے گزارے اور پاک افغان تعلقات اور میڈیا سے متعلق مختلف مسائل پر تبادلہ خیالات کیا۔ڈائریکٹر اطلاعات خیبر پختونخوا شعیب الدین اور سٹیشن ڈائریکٹر پختونخوا ریڈیو پشاور انصار خلجی نے اس موقع پر مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ڈائریکٹراطلاعات شعیب الدین نے دورے پر آئے ہوئے صحافیوں کے وفد کو انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے کردار اور ذمہ داریوں سے متعلق بریف کیا اور صوبائی حکومت کی جانب سے صحافیوں کو سہولیات کی فراہمی اور انہیں اپنے فرائض آزادانہ اور بہتر طور پر ادا کرنے کیلئے ساز گار ماحول کی فراہمی کے لئے صوبائی حکومت کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔سٹیشن ڈائریکٹر پختونخوا ریڈیو پشاور انصار خلجی نے افغان صحافیوں کو پختونخوا ریڈیو سے نشر ہونے والے پروگرامز اور ان کی مختلف خصوصیات سے متعلق بھی تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔افغان صحافیوں کو مزید بتایا گیا کہ پختونخوا ریڈیو پشاور سے صوبے کے مختلف حصوں میں رہائش پذیر فارسی بولنے والے افغان مہاجرین کے لئے ایک ہفتہ وار پروگرام بھی نشر ہوتا ہے۔وفد نے پختونخوا ریڈیو کی اس کاوش کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ اس سے دونوں ممالک کے مابین باہمی اعتماد اور ہم آہنگی کا ماحول پیدا ہوگا۔اس موقع پر پختونخوا ریڈیو پشاور نے براہ راست گفتگو کے پروگرام کا بھی اہتمام کیا جس میں افغان صحافیوں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ہارون داؤد زئی کے ساتھ اس ڈیڑھ گھنٹے کے ٹاک شو میں شرکاء نے پاک افغان تعلقات کے حوالے سے میڈیا کے کردار ،صحافیوں کے تبادلے کے پروگرام کے ا ثرات اور افغان مہاجرین سے متعلق مسائل پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔افغان صحافیوں نے خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا اور خیبر پختونخوا کی خواتین صحافیوں کو فراہم کئے گئے ساز گار ماحول کو سراہا اور دونو ں ہمسایہ ممالک کے مابین تعلقات کو تجارت،کھیل و ثقافت اور میڈیا کے تبادلے کے ذریعے مزید مضبوط اور مستحکم بنایا جا سکتا ہے۔اس دوران پختونخوا ریڈیو کے سامعین نے بھی اپنی براہ راست فون کالز کے ذریعے افغان صحافیوں کا خیر مقدم اور مہمانوں کے ساتھ اپنے خیالات کا تبادلہ کیا۔مذکورہ وفد ایک ہفتے کے دورے پر پاکستان آیا ہوا ہے اور وہ رواں مہینے کی 11۔تاریخ تک دیگر صوبوں اور شہروں کے دورے بھی کرے گا۔ وفد کے ممبران میں روح الامین آفریدی،وحیدہ فیضی،پختانہ ارزبزئی،عبدالصمد سراج،رخسارعظیمی،الیاس صالح،حکیم بشارت،سکندر نظامی،فضل الرحمان ارمان،فضل ہادی حمیدی اور اسد اللہ داؤد زئی شامل ہیں۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -