کوہاٹ کے علاقہ بہادر کوٹ سے لاوارث شخص کی مسخ شدہ لاش برآمد

کوہاٹ کے علاقہ بہادر کوٹ سے لاوارث شخص کی مسخ شدہ لاش برآمد

  

کوھاٹ (بیورو رپورٹ) کوہاٹ کے علاقہ بہادر کوٹ سے لاوارث شخص کی مسخ شدہ لاش برآمد کر لی گئی جبکہ جھنڈی سٹیشن کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے کیبل آپریٹر زخمی ہوگیا ۔تفصیلات کے مطابق کوہاٹ پنڈی روڈ کے علاقہ بہادر کوٹ کی اراضیات سے گزشتہ شام ایک لاوارث شخص کی لاش ملی ہے جسے نامعلوم ملزمان گلے میں پھندا ڈال کر قتل کرنے کے بعد لاش ویرانے میں پھینک کر فرار ہوگئے ہیں ۔ تھانہ محمد ریاض شہید پولیس نے لاش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم اور شناخت کیلئے ایل ایم ایچ ہسپتال منتقل کردی تاہم بری طرح مسخ ہوجانے کے باعث لاش کی شناخت نہ ہوسکی جبکہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں اسکی موت پھندا ڈال کر گلہ گھونٹنے سے وقوع پزیر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ پولیس نے لاش امانتاً دفنا کر مقامی تھانے میں نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے واقعہ میں ملوث ملزمان اور لاش کے ورثاء کی تلاش شرو ع کر دی ہیں۔علاوہ ازیں کوہاٹ شہرکے علاقہ جرونڈہ روڈ پر جھنڈی سٹیشن کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے مقامی کیبل آپریٹر طاہر فاروق گردن میں گولیاں لگنے سے زخمی ہوگیاجسے کے ڈی اے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ذرائع کے مطابق کوہاٹ شہر میں واقع کیبل ورلڈ2000 کے آپریٹر کو عشاء کے بعداپنی رہائش گاہ گڑھی بہرام خان جاتے ہوئے جھنڈی سٹیشن کے قریب فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔واقعہ کی اطلاع پر مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ کا معائنہ کرنے کے بعد مجروح طاہر فاروق کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -