انتخابی میدان سے بھاگنے والوں کو عوامی عدالت میں پیش ہونا پڑے گا، جہانگیر ترین
لودھراں ( نما ئند ہ پا کستا ن) پاکستان تحریک انصاف کے سینٹرل آرگنائزر جہانگیر خان ترین نے کہا ہے کہ اچھے ،صاف شفاف اور ترقی پسند ذہن کے مالک سیاست دانوں کی شمولیت سے لودھراں تحریک انصاف کا مظبوط قلعہ بن چکاہے۔ہم سب ملکر لودھراں کو تھانہ کچہری اور لودھراں کو اندھیروں میں (بقیہ نمبر34صفحہ7پر )
دھکیلنے والے سیاست دانوں سے چھٹکارا دلوائیں گے ۔یہ بات انہوں نے حلقہ پی پی 208سے پیپلزپارٹی کے سابق ایم پی اے اکرم کانجو کی تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر اپنی رہائش گاہ چک نمبر 15ایم پی آر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔جہانگیر خان ترین نے کہا کہ لودھراں میں بہت جلد ضمنی الیکشن ہوگا ۔ہم نے سپریم کورٹ میں 21اکتوبر کے لئے کیس لگوالیا ہے میں خود سپریم کورٹ میں جاؤں گااور کیس کی پیروی کروں گا انشاء اللہ جلد فیصلہ ہوگا ۔انتخابی میدان سے بھاگنے والوں کو عوامی عدالت میں پیش ہونا پڑے گا ۔انہوں نے کہا کہ لودھراں میں ضمنی الیکشن کے ساتھ ساتھ بہت جلد این اے 155میں بھی عدالتی فیصلہ جلد آئے گا اور وہاں بھی ضمنی الیکشن ہوگا۔جہانگیر ترین نے کہا کہ ضمنی الیکشن کے ساتھ ساتھ بلدیاتی انتخابات کی بھی بھرپور تیاری کی ہے ۔ریٹرننگ افسروں نے تحریک انصاف کے کئی امیدواروں کے بلاوجہ کاغذات مسترد کیے ہیں۔ن لیگ والے فکس میچ کھیلنے کے عادی ہیں اور اپنی عادتوں سے باز نہیں آرہے۔ن لیگ کے وزراء سمیت پوری سرکاری مشینری میدان میں آچکی ہے مگر ہم 9اکتوبر کو ایک اورجلسہ کریں گے اور 11اکتوبر کو فتح تحریک انصاف کی ہوگی ۔تحریک انصاف میں شامل ہونے والے اکرم خان کانجو نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد پیپلزپارٹی پر لٹیروں نے قبضہ کرلیا ۔اس موقع پر سابق ایم این اے و رہنما تحریک انصاف نواب امان اللہ خان نے کہا کہ اکرم خان کانجو، علی رضا خان کانجو اور خضر خان کانجو سمیت ان کے دیگر ساتھیوں کو تحریک انصاف میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہیں۔اکرم خان کانجو کا تحریک انصاف میں شامل ہونے کا فیصلہ لودھراں کے مستقبل کی تاریخ بدل دے گا ۔ ۔پریس کانفرنس کے موقع پر ڈسٹرکٹ آرگنائزر تحریک انصاف ڈاکٹر شیر محمد اعوان، عزت جاوید خان، ارشاد عباس گھلو ،میاں شفیق ارائیں ، رانا اعجاز احمد نون ،رانا فراز احمد نون ،رانا محمد اسلم خان،حسن محمود شاہ ، حافظ صدیق ارائیں،ملک آصف اعوان، ارشد اقبال ارائیں،سعد خورشید خان کانجو ،علی رضا خان کانجو ،خضر خان کانجو و دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔بعد ازاں جہانگیر خان ترین بذریعہ ہیلی کاپٹر ٹوکی سکندر خان،بستی نائی والا موضع لائی واہن اور بستی حبیب آباد موضع لائی واہن پہنچے اور ان علاقوں میں کارنر میٹنگز اور عوامی اجتماعات سے خطاب کیا ۔