محرم الحرام کی آمد، صوبہ بھر کے 24اضلاع حساس قرار، فوج تعینات کرنے کا فیصلہ

محرم الحرام کی آمد، صوبہ بھر کے 24اضلاع حساس قرار، فوج تعینات کرنے کا فیصلہ

  

ملتان، خانیوال، بہاولپور، رحیم یار خان(وقائع نگار، نمائندگان) محرم الحرام کی آمد، سکیورٹی پلان کا جائزہ، جلوس روٹس کی تعمیر و مرمت کا کام جاری، صوبہ بھر کے 24 اضلاع حساس قرار، فوج (بقیہ نمبر27صفحہ7پر )

تعینات کرنے کا فیصلہ، لنگر، نذر، نیاز کی تیاری کیلئے پکوان سنٹر پر بکنگ بھی شروع ملتان سے وقائع نگار سے مطابق ایس پی گلگشت آصف احمد نے گذشتہ روز محرم کے حوالے سے سی پی او آفس کی جانب سے جاری کردہ سکیورٹی پلان کا جائزہ لیا اور روٹ کا وزٹ بھی کیا ہے اور اپنے سرکل کے تمام ایس ایچ اوز کو خصوصی ہدایت بھی دی ہے کہ محرم کے دوران لگائی گئی ڈیوٹیوں کو سختی سے چیک کریں۔ تاکہ کوئی پولیس ملازم بھی فرائض میں غفلت نہ برتے اور غیر حاضر نہ رہے۔ خانیوال سے بیو ر ورپورٹ+ ڈسٹرکٹ رپورٹر، نمائندہ پاکستان کے مطابق حکومت پنجاب کی ہدایت پر ڈی سی او خالد محمود شیخ نے محرم الحرام کے دوران امن وامان کو یقینی بنانے کے لیے ضلع اور تحصیل کی سطح پر کورمنیجمنٹ ٹیمز تشکیل دے دی ہیں ‘ضلعی کو رکمیٹی ٹیم کے کنوینیر ڈی سی او جبکہ ایم پی اے نشاط احمد خان ڈاہا ‘ڈی پی او اور ممبرامن کمیٹی قاری سیف اللہ عابدممبران ہونگے ۔کور منیجمنٹ ٹیم خانیوال کے کنوینیر اسسٹنٹ کمشنر ‘ایم پی اے نشاط احمد خان ڈاہا ‘ایس ڈی پی او خانیوال ‘ممبر امن کمیٹی قاری سیف اللہ عابد ممبر ہونگے ۔کور منیجمنٹ ٹیم تحصیل کبیروالا کے کنوینیر اسسٹنٹ کمشنر جبکہ ایم این اے رضا حیات ہراج ‘ایس ڈی پی او کبیروالا اور ممبر امن کمیٹی خورشید عباس گردیزی ممبر ہونگے اسی طرح تحصیل میا ں چنوں کے کور منیجمنٹ ٹیم کے کوینیر اسسٹنٹ کمشنر جبکہ ایم پی اے رانا بابر حسین ‘ایس ڈی پی او میا ں چنوں اور ممبر امن کمیٹی رفیق احمد شاہ جمالی ممبر ہونگے اور تحصیل جہانیاں کور منیجمنٹ ٹیم کے کنوینیر اسسٹنٹ کمشنر جبکہ ایم پی اے کرم داد واہلہ ‘ایس ڈی پی اور حاجی محمد ابراہیم ممبر ہونگے ۔بہاولپور سے ڈسٹرکٹ رپورٹر کے مطابق کمشنر بہاول پور ڈویژن ثاقب ظفرنے کہا ہے کہ محرم الحرام کے تمام جلوسوں کے روٹس کی تعمیرو مرمت کے کام یکم محرم سے قبل مکمل کر لئے جائیں گے۔اس سلسلہ میں متعلقہ ٹی ایم ایز کو واضح طور پر ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ وہ اپنے دفتر کے کمیٹی روم میں پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے نمائندگان سے ملاقات میں اظہار خیال کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ محرم کے دنوں میں لوڈ شیڈنگ کی صورت میں موبائل گاڑیوں میں جنریٹر نصب کر کے محرم جلوس کو بجلی فراہم کی جائے گی۔ کمشنر نے کہا کہ سٹریٹس لائٹس کوفنکشنل کیا جا رہا ہے اور محرم روٹس میں اضافی لائٹس بھی لگائی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ بہاول وکٹوریہ ہسپتال میں ایک سو اضافی بیڈ جبکہ شیخ زید ہسپتال رحیم یار خاں میں50بیڈ مختص کئے گئے ہیں۔اسی طرح بنیادی مراکز صحت اور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں بھی اضافی بستر مختص کر دیئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام جلوس ومجالس بروقت اختتام پذیر ہوں گی۔محرم الحرام کے موقع پر امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے بہاولپور پولیس ہمہ وقت تیار اور چوکس ہے۔ موجودہ ملکی صورتحال اور آپریشن ضربِ عضب کے بعد کسی بھی ممکنہ ردِعمل کے پیش نظر پولیس کی ذمہ داریوں میں بے پناہ اضافہ ہو گیا ہے اور ہم دستیاب وسائل میں بہتر سے بہتر کارکردگی ادا کریں گے ان خیالات کا اظہار ریجنل پولیس آفیسر احسان صادق نے ریجنل آفس میں صحافیوں کو محرم الحرام کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کیا اس موقع پر ڈی پی اوبہاولپور سرفراز احمدفلکی بھی موجود تھے آر پی او نے کہا کہ عوام کی محکمہ سے جوتوقعات ہوسکتی ہیں اس پر پورا اترنے کی کوشش کررہے ہیں۔محرم الحرام کے موقع پر ریجن بھر میں84اے کیٹگر ی،95بی کیٹگری اور 1197سی کیٹگری کی ٹوٹل 1376مجالس منعقد ہوں گی جبکہ 516جلوس ہائے میں سے 57اے کیٹگری،71بی جبکہ 388سی کیٹگری کے جلوس نکالے جائیں گے جنکی سکیورٹی کے لیے 5153اہلکارتعینات کیے جائیں گے۔رحیم یارخان سے ڈسٹرکٹ رپورٹر ، نمائندہ خصوصی کے مطابق محرام الحرام کے دوران دہشت گردی کے شدیدخطرے کے پیش نظررحیم یارخان سمیت صوبہ بھرکے 24اضلاع کوحساس قراردیتے ہوئے 3410فوجی جوان تعینات کرنے کافیصلہ کیاگیاہے جبکہ 4893سٹینڈبائی رہیں گے تفصیلات کے مطابق ہوم ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ مراسلہ کے مطابق محرم الحرام میں دہشت گردی کے شدیدخطرے کے باعث پنجاب میں فوجی جوان تعینات کرنے کافیصلہ کیاگیاہے جن کے مطابق رحیم یارخان میں 127 ،بہاولپور،احمدپورمیں 126، بہاولنگرمیں 40،ڈی جی خان میں 147،مظفرگڑھ میں 166اوردیگراضلاع میں بھی باقی فوجی جوان تعینات کئے جائیں گے۔اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر جاوید احمد نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران شرپسند عناصر کو بھائی چارے اور فرقہ ورانہ ہم آہنگی کی فضاء کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور قیام امن کے لئے حکومتی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔انہوں نے محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے سلسلہ میں تحصیل امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارہ اور امن و امان کا قیام ممبران امن کمیٹی کا طرہ امتیاز ہے جسے انتظامیہ قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ تاجر برادری سے جلد میٹنگ کر کے معاملات طے کر لئے جائیں گے۔ممبران تحصیل امن کمیٹی و رہنما تاجر برادری حاجی اکبر علی شاہین اور حاجی انور علی انصاری نے کہا کہ قیام امن کے لئے تاجر برادری نے ہمیشہ انتظامیہ کا ساتھ دیا اور اس موقع پر بھی شانہ بشانہ ہوں گے ۔عاشورہ محرم میں لنگراورنیازکی تیاری کے لیے پکوان سنٹروں پربکنگ شروع ہوگئی۔لنگراورنیازکی تقسیم کے لیے پیالے‘ پیالیاں‘ تھالیاں‘ کجیاں اورمٹی کے برتنوں کی آمدکاسلسلہ شروع ہوگیاہے۔عقیدت مندوں کی طرف سے منت اورمرادیں پوری ہونے پرشکرگزاری کے لیے عاشورہ محرم کے دوران مٹی کے برتنوں میں دودھ کی کھیر‘ حلوہ‘ فرنی‘ حلیم‘ چنے پلاؤ‘ مٹن وچکن قورمہ‘ چنے کی سپیشل دال‘ زردہ پلاؤڈال کرلوگوں میں تقسیم کی جاتی ہے محرم الحرام کاچانددکھائی دینے سے پہلے دکانداروں نے نذرنیازاورلنگرکے لیے فروخت ہونے والی اشیاء کے نرخوں میں اضافہ کردیاہے دالوں کے نرخ میں بیس تاتیس روپے فی کلو‘ مصالحہ جات‘ گھی تیل‘ چاولوں کے ساتھ ٹماٹر‘ پیاز‘ ہری مرچ‘ دھنیااورڈرائی فروٹ ‘ شربت کی بوتلوں کی قیمتوں میں خودساختہ اضافہ ہوچکاہے نذرنیازکی تقسیم کے لیے استعمال میں لائے جانے والے مٹی کے پیالے پیالوں پلیٹوں وغیرہ کی ڈیمانڈبڑھنے پردکاندارفی سینکڑہ منہ مانگی قیمتیں وصول کررہے ہیں اس سلسلہ میں ندیم حسین شاہ‘ اظہرحسین شاہ‘ طارق شاہ‘ تاج بخاری‘ حسنین زیدی‘ نیازشاہ‘ شوکت علی‘ امام شاہ‘ انیس بخاری‘ سرفرازراٹھورودیگرنے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیاہے کہ مذہبی تہواروں کے موقع پرلنگرنذراورنیازاورخیراتیں کرنے سے متعلق گوشت‘ چاول‘ گھی‘ مصالحہ جات‘ سبزیوں کی قیمتوں پرسختی سے نوٹس لیاجائے۔

مزید :

ملتان صفحہ آخر -