آفریدی میچ ونر کھلاڑی ، ورلڈٹی 20کپ تک کپتان رہے گا،پاک بھارت مقابلہ ایشیزسے بڑا ایونٹ ہے:شہریار

آفریدی میچ ونر کھلاڑی ، ورلڈٹی 20کپ تک کپتان رہے گا،پاک بھارت مقابلہ ایشیزسے ...
آفریدی میچ ونر کھلاڑی ، ورلڈٹی 20کپ تک کپتان رہے گا،پاک بھارت مقابلہ ایشیزسے بڑا ایونٹ ہے:شہریار

  

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کہاہے کہ ہندوستان کھیل اور سیاست کو الگ الگ رکھے ،پاک بھارت مقابلہ ایشیز سیریز سے بڑا ایونٹ ہے،آفریدی میچ ونر کھلاڑی ہے ، ورلڈٹی 20کپ تک وہی کپتان رہے گا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہریار خان نے کہا کہ پاک بھارت سیریز کے امکانات بہت کم نظر آ رہے ،آئی سی سی کے اجلاس میں بھارتی کرکٹ بورڈ کے حکام سے بات ہو گی ۔انہوں نے کہا کہ جیسا ماحول بھارت میں ابھی ہے وہ سیریز کے لئے رضا مند نہیں ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ فراخ دلی کا مظاہرہ کیا ،ڈومیسٹک کرکٹ میں مشکوک ایکشن والے باﺅلر بہت ہیں ۔ شہریار خان کا کہناہے کہ انگلینڈ سے سیریز ابہت اہم ہے ،پاک انگلینڈ سیریز کامیاب اور اچھے ماحول میں کرانا چاہتے ہیں ،انگلینڈ سے سیریز میں کچھ نہ کچھ چہ مگوئیاں ہوتی ہی رہتی ہیں ۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز سابق ٹیسٹ کرکٹر سرفراز نواز نے ٹی ٹونٹی کے کپتان شاہد آفریدی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر شاہد آفریدی کو 2016ءمیں شیڈول ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کیلئے ٹیم کا کپتان نہ بنایا گیا ہوتا تو انہیں سکواڈ میں جگہ بنانے کیلئے سرتوڑ کوشش کرنا پڑتی۔ انہوں نے کہا تھا کہ انفرادی طور پر ان کی کارکردگی زیرو ہے اور وہ ٹی ٹونٹی سکواڈ میں شامل ہونے کے حقدار نہیں۔انہوں نے آفریدی کو مزید آڑھے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ٹیم نے حال ہی میں زمبابوے کو ٹی ٹونٹی سیریز میں وائٹ واش کیا تھا تاہم آفریدی کی گیند اور بلے کے ساتھ کارکردگی مایوس کن رہی تھی،آفریدی جیسے کھلاڑی پر اعتماد نہیں کیا جا سکتا جو کہ سال میں ایک بار پرفارم کرتا ہو، معلوم نہیں کہ پی سی بی ان سے توقعات وابستہ کیوں رکھتا ہے۔

مزید :

کھیل -اہم خبریں -