شام میں فوجی کارروائی ، روس نے بحری جنگی جہازوں سے بھی بمباری شروع کردی

شام میں فوجی کارروائی ، روس نے بحری جنگی جہازوں سے بھی بمباری شروع کردی
شام میں فوجی کارروائی ، روس نے بحری جنگی جہازوں سے بھی بمباری شروع کردی

  

دمشق(مانیٹرنگ ڈیسک) روس نے شام میں مبینہ طورپر باغیوں کیخلاف فوجی کارروائی شروع کررکھی ہے اور بدھ کی رات کو روسی جنگی بحری جہازوں نے پہلی مرتبہ شام کے وسطی علاقوں میں کروز میزائل بھی فائر کیے ہیں جن کی تصدیق روسی حکام نے بھی کردی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق روس نے گذشتہ ہفتے شام میں فوجی مہم جوئی کے آغاز کا اعلان کیا اوریہ پہلا موقع ہے کہ باغی گروپوں کے خلاف بیک وقت زمینی اور فضائی کارروائی شروع کی گئی ۔روسی حکام کے مطابق کروز میزائلوں نے قریباً پندرہ سو کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے اور ایران اور عراق کے اوپر سے اڑنے کے بعد شام کے شمالی صوبوں الرقہ اور حلب اور شمال مغربی صوبے ادلب میں داعش اور القاعدہ سے وابستہ النصرةمحاذ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔

العربیہ کے مطابق امریکی وزیردفاع آشٹن کارٹر نے کہا ہے کہ روس نے داعش کے علاوہ دوسرے باغی گروپوں کے ٹھکانوں پر حملوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے تاہم اُنہوں نے روس کی فضائی قوت کی مدد سے شامی فوج کی باغیوں کے خلاف زمینی کارروائی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

شامی کارکنان اور باغیوں کا بھی یہ کہنا ہے کہ روسی طیارے مغرب کے حمایت یافتہ باغی گروپوں کو اپنے حملوں میں نشانہ بنا رہے ہیں۔شامی فوج اور اس کی اتحادی ملیشیائیں اس وقت وسطی صوبے حماہ اور ادلب کے جنوب میں روس کی فضائی مدد سے باغیوں کے خلاف کارروائی کررہی ہیں،روس کے لڑاکا طیاروں نے شام کے وسطی اور شمال مغربی علاقوں میں داعش اور دوسرے باغی گروپوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔روس کی اس فضائی مدد کے بعد ہی شامی فوج باغیوں کے خلاف ایک بڑی زمینی کارروائی کے قابل ہوئی ہے جبکہ اس کو حالیہ مہینوں کے دوران ادلب اور دوسرے شمال مغربی علاقوں میں پے درپے شکستوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

مزید :

بین الاقوامی -