زراعت کے فروغ کے لئے جدید مشینوں پراربوں روپے کی سبسڈی کا اعلان
لاہور( این این آئی)حکومت پنجاب کاشتکاروں کی معاشی بہتری اور ان کی زرعی پیداوار میں مجموعی اضافہ کے لئے صوبے کے تمام اضلاع میں نجی شعبے کے اشتراک سے اعلیٰ ٹیکنالوجی کی حامل زرعی مشینری سروس سینٹرز قائم کرے گی۔ یہ مراکز جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے فار م کی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے میں مددگار ثابت ہونگے۔ بہتر ٹیکنالوجی اور موثر خدمات کے نتیجے میں کسانوں کی معاشی ترقی کو یقینی بنائیں گے۔ اس حوالے سے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 13اکتوبر2017ہے۔ اس منصوبے پر 1ارب 80کروڑ روپے خرچ ہونگے۔ رحیم یار خان، ساہیوال، فیصل آباد، بہاولنگر، وہاڑی، شیخوپورہ، بہاولپور، گوجرانوالہ، قصور، جھنگ، سرگودھا، اوکاڑہ، خانیوال، مظفرگڑھ، لودھراں، ملتان، چکوال اور ڈی جی خان کی خواہش مند فرمیں اور کسان کوآپریٹو سوسائیٹیز سے درخواستیں وصول کی جائیں گی۔
مزید معلومات کے لئے ہیلپ لائن نمبر 0800-29000یا 0800-15000پر رابطہ قائم کیا جا سکتا ہے۔