تیل اور گیس کے بڑے ذخیرہ کی دریافت توانائی بحران کے خاتمہ میں مدد دے گی ،عارف قاسم
لاہور(کامرس رپورٹر)تاجر رہنما صدر بورڈ آف مینجمنٹ قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ لاہور نے پنجاب میں پاکستان آئل فیلڈز لمٹیڈ کی جانب سے اٹک میں جنڈیال کے علاقے میں تیل اور گیس کے بڑے ذخیرہ کی دریافت کو ایک اہم کامیابی قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں تیل اور گیس کے بڑے ذخیرہ کی دریافت توانائی بحران کے خاتمہ میں مدد دے گی۔انہوں نے کہا کہ ضلع اٹک میں جنڈیال کا کنواں اسلام آباد سے تقریباً83کلومیٹر جنوب میں واقع ہے اس مقام سے 292ارب کیوبک فٹ گیس اور23ملین بیرل تیل دستیاب ہوگا اور اس ذخیرہ 2ہفتوں میں پیداوار شروع ہوجائے گی ۔انہوں نے کہا کہ تیل و گیس کے ذخیرہ کی دریافت پر صنعتوں کیلئے گیس بجلی اور تیل کی قیمتیں کم کرکے ریلیف دیا جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
عارف قاسم نے کہا کہ بجلی کی پیداوار میں گیس کے استعمال سے سستی بجلی حاصل ہوگی ا س لیے گیس بجلی کی حالیہ قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے اور صنعتوں کیلئے موسم سرما میں گیس کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ گیس اور بجلی کی قیمتوں میں کمی سے ملکی برآمدات جو تیزی سے گراوٹ کا شکار ہیں اسے کنٹرول کیا جاسکے گا اور ملکی برآمدات میں اضافہ سے تجارتی خسارہ کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی اس سے حکومت کے زرمبادلہ میں بھی اضافہ ہوگا۔