پاکستان اور ویتنام آزاد تجارتی مذاکرات کرنے پر متفق
اسلام آباد (آن لائن) پاکستان اورویتنام مستقبل میں آزاد تجارتی معاہدہ کرنے کی غرض سے مذاکرات کے لیے ابتدائی فہرستوں کا تبادلہ کرنے پر متفق ہوگئے۔ ترجیحی تجارتی معاہدے (پی ٹی اے) کے لیے ابتدائی فہرستوں کے تبادلہ پر اتفاق رائے ہوا، یہ معاہدہ بعدازاں آزا د تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) کی راہ ہموار کرے گا اور اس سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت وسرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔ ملاقات کے دوران فریقین نے توانائی، تیل وگیس ٹیکسٹائل، کیمیکل ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا، پاکستان نے ویت نام کو کینو، آم اور گوشت برآمد کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔وزارت تجارت کے سینئرافسر کے مطابق پاکستان نے آسیان جیسی ٹیرف رعایتوں کی تجویز دی۔ اس موقع پر ویت نامی نائب وزیرصنعت سے بات چیت کرتے ہوئے سیکریٹری تجارت محمد یونس ڈھاگہ نے کہاکہ پاکستان اور ویت نام کو دوطرفہ تجارت کے فروغ کے لیے آپس میں ترجیحی تجارتی معاہدے کے لیے کام کرنا چاہیے۔ وزارت تجارت اپنی تجارتی سفارتکاری کی کوششوں کو فروغ دے رہی ہے اور تھائی لینڈ ترکی کے ساتھ آزاد تجارت کے معاہد و ں کے لیے کام کررہی ہے، چین پاکستان آزاد تجارتی معاہدے کے دوسرے مرحلے کے سلسلے میں مذاکرات کا عمل جاری ہے۔