کسان کی ترقی و خوشحالی کیلئے آخری حد تک جائیں گے : وزیر زراعت پنجاب
لاہور(کامرس رپورٹر)صوبائی وزیر زراعت نعیم اختر خان بھابھہ نے کہا ہے کہ کسان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے آخری حدتک جائیں گے۔تیلدار اجناس کو فروغ دے کر نہ صرف قیمتی زر مبادلہ بچایا جا سکتا ہے بلکہ کسان بھی مالی طور پر خوشحال ہو سکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے جلال پور میں کینولا کی کاشت اور افادیت پر منعقدہ سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ تیلدار اجناس کو فروغ دے کر نہ صرف قیمتی زر مبادلہ بچایا جا سکتا ہے بلکہ کسان بھی مالی طور پر خوشحال ہو سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ تیلدار اجناس زیادہ سے زیادہ رقبے پر کاشت کرنے کی مہم تیزی سے جاری ہے ، اس کا مقصد کسانوں میں تیلدار اجناس کی کاشت کی اہمیت اور افادیت سے متعلق شعور اجاگر کرنا ہے ۔وزیر زراعت نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ کسان کم وسائل کے ساتھ زیادہ منافع کما سکے،اس مقصد کی تکمیل کیلئے حکومت پنجاب نے کینولا کی کاشت پر بھاری سبسڈی فراہم کی ہے اور زیتون وادی کا قیام بھی اس سلسلے کی کڑی ہے ۔انھوں نے کہا کہ پاکستان اپنی آمدن کا بھاری حصہ تیل کی درآمد پر خرچ کرتا ہے،اگر ہم تیلدار اجناس کی خود کاشت کریں تو نہ صرف قیمتی زر مبادلہ بچایا جا سکتا ہے بلکہ اسے برآمد بھی کر سکتے ہیں۔اس موقع پر صوبائی وزیر نغمہ مشتاق لانگ ، اراکین اسمبلی اور کاشتکار تنظیموں کے نمائندے بھی موجود تھے ۔