آئی سی سی ویمن چیمپئن شپ ،تربیتی کیمپ میں ویمن کرکٹرز کی بھرپور تیاری

آئی سی سی ویمن چیمپئن شپ ،تربیتی کیمپ میں ویمن کرکٹرز کی بھرپور تیاری

آئی سی سی خواتین چیمپئن شپ کی تیاری کے سلسلہ میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ کنٹری کلب مرید کے میں جاری ہے۔ تربیتی کیمپ کے لئے 29 کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا ہے، جن میں ثناء میر، بسمعہ معروف، جویریہ ودود، بی بی ناہیدہ، سدرہ امین، سعدیہ یوسف، ارم جاوید، ڈیانا بیگ، وحیدہ اختر، عائشہ ظفر، ایمان انور، نشرہ سندھو، غلام فاطمہ، انعم امین، عالیہ ریاض، سدرہ نواز، فریحہ محمود، مہم طارق، فضیلہ اخلاق، کائنات حفیظ، رامین شمیم، نتالیہ پرویز، فاطمہ ثنا ، عذرا فاروق، عائشہ ناز، لبنی بہرام، سعدیہ اقبال، ندا راشد اور اسماویہ اقبال شامل ہیں۔تربیتی کیمپ 24اکتوبر تک جاری رہے گا۔ پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم کے نئے کوچ مارک کولز نیوزی لینڈ سے ذمے داریاں سنبھالنے لاہور پہنچ گئے۔انہیں آزمائشی طور پر متحدہ عرب امارات میں نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لئے قومی ویمنز ٹیم کا کوچ تعینات کیا گیا ہے۔جونیئر سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین کے بعد سابق ٹیسٹ کرکٹر کو نیوزی لینڈ کے خلاف متحدہ عرب امارت میں شیڈول سیریز کے لئے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے انتخاب کا بھی ٹاسک مل گیا۔باسط علی عبوری چیف سلیکٹر کی حیثیت سے غیر ملکی کوچ مارک کولس کے ہمراہ قومی خواتین ٹیم کو منتخب کریں گے۔ حال ہی میں انگلینڈ میں ہونے والے ویمنز ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد ہیڈ کوچ صبیح اظہر سمیت چیف سلیکٹر محمد الیاس کو بھی عہدوں سے فارغ کردیا گیا تھا۔ عبوری ہیڈ کوچ باسط علی جونیئر سلیکشن کمیٹی اور غیر ملکی کوچ مارک کولس کے ساتھ مل کر حتمی اسکواڈ کو تشکیل دیں گے۔ آئی سی سی ویمنز کرکٹ چیمپئن شپ 31اکتوبر سے 14 نومبر تک 3 ون ڈے اور 4 ٹی ٹوئنٹی میچ شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ایک روزہ میچ 31 اکتوبر کو کھیلا جائے گا جب کہ دوسرا مقابلہ 2،جبکہ تیسرا 5 نومبر کو شیڈول کیا گیا ہے۔ جبکہ دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے ورلڈ کپ میں ناقص پرفارمنس پر ویمن ون ڈے کرکٹ ٹیم کی کپتان ثناء میر کو کپتانی سے ہٹاکر ان کی جگہ ٹی ٹونٹی ٹیم کی کپتانی بسمعہ معروف کو کپتان مقرر کردیا ہے ، ویمن ونگ کے ڈھانچہ میں تبدیلی کرتے ہوئے جی ایم کرکٹ ونگ شمسہ ہاشمی، ٹیم منیجر عائشہ اشعر اور سلیکشن کمیٹی کے اراکین کی جگہ نئی عہدیداران کا تقرر کیا جائے گا،ٹیم منیجر عائشہ اشعر عبوری طور پر جی ایم کرکٹ ونگ کی ذمہ داری بھی سنبھالیں گی ،ہیڈ کوچ صبیح اظہر کو پہلے ہی عہدے سے ہٹاکر ان کی جگہ مارک کولز کو ہیڈ کوچ مقرر کردیا گیا تھا ۔بتایا گیا ہے کہ ویمن ورلڈ کپ میں پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی ناقص پر فارمنس کے بعد پی سی بی کے چیئر مین نجم سیٹھی نے چیف سلیکٹر ،کپتان اور کوچ کی رپورٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے مذکورہ فیصلے کیئے ۔ان فیصلوں کے مطابق پی سی بی نے ویمن ونگ کی جی ایم شمسہ ہاشمی کو ان کے عہدے سے ہٹاکر ان کی جگہ عبوری طور پر ٹیم مینجر عائشہ اشعر کو جی ایم ویمن ونگ بنادیا ۔پی سی بی اخبارات میں اشتہارات دے کر نئی جی ایم ویمن ونگ مقرر کرے گا ۔قومی ویمن ٹیم کی مینجر عائشہ اشعر کی جگہ بھی نئی مینجر مقرر کی جائے گی ۔کپتان ثناء میر کو ون ڈے کی کپتانی سے ہٹاکر ان کی جگہ ٹی ٹونٹی ٹیم کی کپتان بسمعہ معروف کو کپتان مقرر کردیا گیا تاہم ثناء میر عام کھلاڑی کی حیثیت سے ٹیم میں کھیل سکیں گی ۔سلیکشن کمیٹی کو تحلیل کردیا گیا اور نئی سلیکشن کمیٹی بنائی جائے گی۔ واضح رہے کہ پاکستانی ویمن کرکٹ ٹیم کو عالمی کپ میں اپنے ساتوں میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ مذکورہ فیصلے بہت سوچ سمجھ کر لئے گئے ہیں اور مجھے امید ہے کہ ان فیصلوں سے صرف قومی ویمن کرکٹ ٹیم اور مینجمنٹ میں بہتری آئے گی ۔سابقہ کپتان ثناء میر نے پاکستان کرکٹ کے لئے گرانقدر خدمات سر انجام دی ہیں ۔انہوں نے ویمن ٹیم کی قیادت بہترین انداز میں کی اور ٹیم کے لئے اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہر ہ کیا ۔

*****

مزید : ایڈیشن 1


loading...