لاہور(نامہ نگار)صارف عدالت کے جج طاہرنواز عدالتی حکم پردرخواست گزار کو ہرجانہ ادا نہ کرنے پر یوروسٹور ٹاؤن شپ کے مالک کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 10اکتوبر کوطلب کرلیاہے جبکہ ایک دوسرے کیس میں خراب برگر دینے پر 5لاکھ روپے کے ہرجانہ کے دعویٰ پر درخواست گزار کے وکیل کو بحث کے لئے طلب کرلیا ہے ۔
صارف عدالت میں مزنگ کے رہائشی ناصر محمود نے یوروسٹور ٹاون شپ کے مالک کے خلاف ڈگری کی رقم ادا نہ کرنے پر توہین عدالت کی درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ عدالت نے یورو رسٹور ٹاون شپ کے مالک کے خلاف عدالت نے 15ہزار 135روپے کی ڈگری جاری کی اور حکم دیا تھا کہ فوری درخواست گزار کو رقم ادا کی جائے لیکن عدالت کے حکم پر ابھی تک عمل درآمد نہیں کیا گیا جس کے بعدعدالت نے مذکورہ سٹور مالک کو طلب کیا لیکن وہ پیش نہیں ہوا تھا،عدالت نے گزشتہ روزاسے شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 10اکتوبرکو طلب کرلیا ہے ۔علاوہ ازیں عدالت میں ٹمی ریسٹورنٹ کے مالک کے خلاف خراب برگر دینے جوہرٹاؤن کے رہائشی رانا عمران اکرم نے 5لاکھ روپے ہرجانے کا دعوے دائر کررکھا ہے جس پر عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو آئندہ سماعت پرابتدائی بحث کے لئے طلب کرلیا ہے۔