دیوانی مقدمات کیلئے مرتب سفارشات پر اعتراضات اور تجاویز طلب
لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ کی رولز کمیٹی نے ماتحت عدالتوں میں دیوانی مقدمات کے رولز میں موجود سقم دور کرنے کے لئے مرتب کی جانے والی سفارشات پروزارت قانون ،وکلاء اورعوام الناس سے اعتراضات اور تجاویز طلب کرلی ہیں۔جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں ہونے والے رولز کمیٹی کے اجلاس میں جسٹس شاہد کریم،جسٹس شمس محمود مرزا،جسٹس طارق عباسی اور سینئرایڈووکیٹ ظفر کلانوری شریک ہوئے، کمیٹی نے رولز میں ترمیم سے متعلق سفارشات کو فل کورٹ کے سامنے پیش کرنے سے قبل ہائیکورٹ کے ججوں، وفاقی اور صوبائی وزارت قانون، تمام بار کونسلز، ضلعی عدلیہ کے ججوں اور عوام الناس سے مرتب کردہ سفارشات پرتحریری اعتراضات اور تجاویز طلب کرنے پر اتفاق کیا،کمیٹی نے تمام فریقین کو اپنی تجاویز اور اعتراضات تحریری شکل میں دو ہفتوں کے اندر کمیٹی کے روبرو جمع کرانے کی ہدائت کی ہے ۔