چائے کی پیالی ہلائیے اور ٹی وی بند کیجئے
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک)بہت جلد آپ کو ریموٹ کنٹرول سے ٹی وی بند کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی کیونکہ ایک حساس ویب کیم کے ذریعے گھریلو اشیا کو ریموٹ کنٹرول میں تبدیل کیا جاسکتا ہے اور یوں مختلف اشیا کی حرکات سے ٹی وی اور دیگر آلات کو کھولا اور بند کیا جاسکتا ہے۔اس نظام کو ’میچ پوائنٹ‘ کا نام دیا گیا ہے جس کے ذریعے آپ مختلف اشیاء یا جسمانی حصوں کو بھی منتخب کرکے ان سے ٹی وی کنٹرول کرسکتے ہیں۔ صرف یہی نہیں بلکہ ٹی وی اسکرین مختلف آئی کنز کو ظاہر کرتا ہے جن کے انتخاب سے آپ چینل بدلنے یا آواز کم زیادہ کرنے کا کام لے سکتے ہیں۔ اس کے بعد کسی شے سے ہوا میں دائرہ بنائیں تو ریموٹ اس سے چینل بدلے گا۔ یا کپ کو حرکت دینے سے ٹی وی کی آواز کم یا زیادہ کی جاسکتی ہے اور اس کا ایک سلائیڈر خود ٹی وی اسکرین پر اس وقت تک دکھائی دیتا ہے جب تک کیمرہ اس شے کی حرکت نوٹ کرتا رہتا ہے۔ایسے نظام اشیا اور لوگوں کی شناخت کرنے کیلیے بنائے جاتے ہیں لیکن ان کی پوزیشن میں تبدیلی سے وہ ناکام ہوجاتے ہیں۔ البتہ میچ پوائنٹ حرکات کو نوٹ کرتا ہے اور ضروری نہیں کہ وہ شے مکمل طور پر کیمرے کے سامنے بھی ہو۔ اسے لنکاسٹر یونیورسٹی کے کرسٹوفر کلارک اوران کے ساتھیوں نے تیار کیا ہے۔ کسی بے اختیاری حرکت اور اس کے نتیجے میں ٹی وی میں ہونے والی تبدیلی کو روکنے کیلیے آپ مخصوص اشارے منتخب کرسکتے ہیں جو اچانک واقع نہیں ہوتے مثلاً کسی شے کا ہوا میں دائرہ بنانا یا تیزی سے زگ زیگ میں کسی شے کو حرکت دینا وغیرہ۔