نیویارک میں دہشتگردی کا منصوبہ پاکستانی سمیت 3افراد پر فرد جرم عائد
واشنگٹن (اظہر زمان، بیوروچیف) امریکی محکمہ انصاف نے ایک پاکستانی سمیت تین افراد پر نیویارک سٹی میں دہشت گرد حملوں کی منصوبہ سازی کرنے کے الزام میں فرد جرم عائد کرنے کا اعلان کیا ہے، انہیں دسمبر میں سزا سنا دی جائے گی۔ نیو یارک کے ڈسٹرکٹ اٹارنی آفس نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے ان ملزموں میں امریکی شہریت رکھنے والا ایک 19 سالہ پاکستانی نوجوان طلحہ، ہارون، 37 سالہ فلپانی باشندہ وسل سالک اور 19 سالہ کینیڈین نوجوان عبدالرحمن لبھناسوی شامل ہیں۔ عدالتی دستاویزات کے مطابق یہ تینوں افراد مل کر نیویارک سٹی کے گنجان علاقوں میں بم دھماکوں اور فائرنگ کرنے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ معلوم ہوا ہے پاکستانی نوجوان طلحہ ہارون امریکی شہریت رکھنے کے باوجود پاکستان میں رہ رہا تھا، جسے امریکی حکومت کی طرف سے الزام عائد ہونے کے بعد گزشتہ برس ستمبر میں گرفتار کرلیا گیا تھا، جو اس وقت راولپنڈی کی ایک جیل میں قید ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسے امریکہ کے حوالے کرنے کے احکا ما ت کو عارضی طور پر معطل کر دیا تھا، اس پر امریکہ منتقل ہونے کے بعد نیویارک کی عدالت میں مقدمہ چلے گا اور دسمبر تک تمام ملزموں کو سزا سنا دی جائے گی۔دوسرے دونوں ملزموں کو بھی کینیڈا اور فلپائن میں گرفتار کرکیاگیا تھا۔ کینیڈین نوجوان عبدالرحمن کو نیویارک منتقل کر دیا گیا تھا، جہاں اس نے الزام قبول کرلیا ہے۔ فلپائن اور پاکستانی افراد کی نیویارک منتقلی کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
فرد جرم عائد