نواز شریف کے پارٹی صدر بننے کیخلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر
اسلام آباد(صباح نیوز) مسلم لیگ ن کا صدر بننے پر سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے، درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ نواز شریف کو بطور پارٹی صدر سیاسی سرگرمیاں ادا کرنے سے روکا جائے، درخواست میں سیکرٹری قانون ، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن ، چیف الیکشن کمشنر، سیکرٹری الیکشن کمیشن اور نواز شریف کو فریق بنایا گیا ہے۔ مخدوم نیاز انقلابی کی جانب سے گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نواز شریف کی صدارت اور مسلم لیگ کی رجسٹریشن منسوخی کے متعلق درخواستیں زیر سماعت ہیں لہٰذادرخواستوں کے فیصلے آنے تک الیکشن ایکٹ کی دفعات 203 اور232 پر عملدرآمد روکا جائے ۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن دونوں شقوں کی بنیاد پر رٹ کے فیصلے تک مخالف آرڈر کرنے سے باز و ممنوع رہے ۔ نواز شریف کو بطور صدر پاکستان مسلم لیگ(ن) سیاسی سرگرمیاں ادا کرنے سے تا فیصلہ رٹ روکا جائے ۔ مخدوم نیاز انقلابی کی جانب سے دائر درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی الیکشن ایکٹ2017 ء قومی مفاد کے برعکس اور آئین سے متصادم ہے لہٰذااس کو منسوخ کیا جائے ۔ذرائع کے مطابق رجسٹرار آفس نے درخواست وصول کر لی ۔