میڈیکل انٹری ٹیسٹ کا پرچہ آؤٹ کرنے والا ملزم ملتان ایئرپورٹ سے گرفتار

میڈیکل انٹری ٹیسٹ کا پرچہ آؤٹ کرنے والا ملزم ملتان ایئرپورٹ سے گرفتار

اسلام آباد(صباح نیوز) ایف آئی اے نے پنجاب کے میڈیکل کالجزمیں داخلوں کے لیے ہونے والے انٹری ٹیسٹ کا پرچہ آؤٹ کرنے والے ملزم بلال کو ملتان ایئرپورٹ سے گرفتارکرلیا ہے۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی کے مطابق ملزم کو بیرون ملک جانے کی کوشش میں گرفتارکیاگیا ہے، ملزم بلال نجی ائیر لائن سے قطر فرار ہونے کی کوشش کررہا تھا، ملزم سے برآمد ہونے والا سامان اور سفری دستاویزات قبضہ میں لے لی گئیں ہیں۔ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعد لاہورمنتقل کردیا گیا ہے۔ ملزم کو گرفتار کرنے والی ایف آئی اے ٹیم کے لیے ڈائریکٹرایف آئی اے ڈاکٹرعثمان نے تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔یاد رہے لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب کے میڈیکل کالجزمیں داخلوں کے لیے ہونے والے انٹری ٹیسٹ کو کالعدم قرار دیتے ہوئے ٹیسٹ کے نتائج مسترد کردیئے تھے۔واضح رہے کہ وزیراعلی پنجاب شہبازشریف نے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیراہتمام 20 اگست کو منعقد کیے گئے انٹری ٹیسٹ کا پرچہ آؤٹ ہونے پر تفتیشی ٹیم چیف سیکریٹری کی سربراہی میں تشکیل دی تھی۔

مزید : صفحہ آخر


loading...