مقبوضہ کشمیر ،ایک اورنوجوان شہید،خواتین کی چوٹیاں کاٹنے کے تاز ہ واقعات،عوام مشتعل
سری نگر(اے این این) مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کے مظالم جاری،ایک اورنوجوان کو شہید کر دیا، حریت قیادت بدستورنظربند،مقبوضہ وادی کے مختلف علاقوں میں خواتین کی چوٹیاں کاٹنے کے تاز ہ واقعات، عوام مشتعل،زبردست احتجاجی مظاہرے۔ تفصیلات کے مطابق کپواڑہ کے علاقے ترال سے ایک نوجوان کی لاش برآمدہوئی ہے جسے پرُاسرارطورپرگولی ماردی گئی ۔شبہ ظاہرکیاجارہاہے کہ نوجوان کوقابض فوجیوں نے شہیدکیا ۔ریاستی پولیس نے تین زیرحراست مجاہدین کی نشاندہی پر جموں کے علاقے بانہال سے دھماکہ خیزموادبرآمدکرنے کادعویٰ کیاہے۔ریاستی پولیس کادعویٰ ہے کہ گرفتارمجاہدین بیس ستمبرکو ایس ایس بی کی گشت پرمامورپارٹی پرحملے میں ملوث ہیں۔ ادھرکل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میرواعظ عمرفاروق بدستورنظربندجبکہ لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک پابندسلاسل ہیں ۔ پانتہ چوک،نٹی پورہ اورسنگری بار ہمولہ میں خواتین کی چوٹیاں کاٹنے کے تازہ واقعات رونماہوئے ہیں جس پرمقامی لوگوں میں غم وغصہ پایاجارہاہے ،سری نگرکے لال چوک ،سرائے بالا،حیدرپورہ،نٹی پورہ،صورہ آنچار،کھنہ بل اوراننت ناگ میں خواتین کی چوٹیاں کاٹنے کے واقعات کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرے کئے گئے،اس د وران لوگوں نے آزادی کے حق میں نعرے بازی بھی کی ۔کئی مقامات پرمظاہرین اور قابض فوجیوں کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں ۔دریں اثناء مقبوضہ وادی میں ٹریفک کے ایک حادثے میں دوافرادزخمی ہوگئے۔
مقبوضہ کشمیر