وزیر اعظم باتوں سے مینار کھڑا کرنے کے بجائے این ایف سی ایوارڈ جاری کریں، پیپلز پارٹی
کراچی (این این آئی) وزیر اعظم پاکستان کی تقریر پر صوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ نے اپنے ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ وزیر اعظم باتوں سے مینار کھڑا کرنے کے بجائے این ایف سی ایوارڈ جاری کریں۔ ایل این جی کرپشن کنگ بھی اپنے گرو کے نقشے قدم پر چل رہا ہے وزیر اعظم کرپشن کی بات کرنے سے پہلے وضو کرلیا کریں۔ ناصر شاہ نے مزید کہا کہ شاہد خاقان عباسی کرپٹ اور نااہل وزیر اعظم کا نمائندہ ہے۔ ایک کٹھ پتلی سے زیادہ ان کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ کل تک پی پی پی قیادت کے خلاف سازشیں کرنے والی مسلم لیگ کو آج میتاق جمہوریت یاد آگیا۔ انہوں نے کہاکہ کالا کوٹ پہن کر پی پی پی وزیر اعظم کے خلاف عدالت جانے والے آج پی پی پی سے تعاون کی بھیک مانگ رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پی آئی اے میں ملازمین کو فارغ اور روٹس کم کرنے کے پیچھے بھی وزیر اعظم کا ہاتھ ہے۔وزیر اعظم قومی آئیر لائن کو ذاتی آئیر لائن میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی ملک کے ایک ایک مزدور کا دفاع کرے گی۔ ناصر شاہ کا مزید کہنا تھا کہ سندھ میں بجلی کی لوڈشیڈنگ آج بھی عروج پر ہے وزیراعظم کھوکھلے دعوے کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نے دروغ گوئی سے کام لیا، صوبوں کو پی پی پی دور میں اٹھارویں ترمیم کے ذریعے مضبوط کیا گیا۔ وفاق آج بھی سندھ کا مقروض ہے۔ سندھ میں آکر جھوٹے دعوے کرنا مسلم لیگ نواز کا پسندیدہ مشغلہ ہے۔نواز شریف نے سندھ اور سندھیوں کے استعمال میں کوئی کثر نہ چھوڑی تھی۔ ناصر شاہ کا مزید کہنا تھا کہ اگر پی پی پی آواز نہ اٹھاتی تو سی پیک میں وفاق سندھ کو کچھ دینے کے لیے راضی نہ تھا۔ صوبے اگر خودمختار ہیں تو وہ اٹھارویں ترمیم اور آصف علی زرداری کا ویژن ہے۔ نواز شریف دور میں کچھ ہوا نہیں مگر پاکستان کی معیشت ضرور تباہ ہوگئی ہے۔
پیپلز پارٹی