انفارمیشن ٹینالوجی کے استعمال سے سرکاری سکولوں میں داخلے کی شر ح میں 33فیصد اضافہ ہو ا:شہباز شریف

انفارمیشن ٹینالوجی کے استعمال سے سرکاری سکولوں میں داخلے کی شر ح میں 33فیصد ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت اجلاس منعقد ہوا۔ تین گھنٹے طویل جاری رہنے والے اجلاس میں سکولز ریفارمز روڈمیپ پروگرام پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے شعبہ میں جاری اصلاحاتی پروگرام کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور پنجاب حکومت نے اس ضمن میں شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں اور تعلیمی شعبہ کی بہتری کے لئے مقرر کردہ اہداف کے حصول میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے۔ سکولوں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال کے باعث معیار تعلیم میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت 4 ہزار 300 سکولوں کو آؤٹ سورس کیا ہے ۔ ان سکولوں میں پہلے بچوں کی تعداد انتہائی کم تھی۔ آؤٹ سورس کے بعد ان سکولوں میں بچوں کی تعداد میں نہ صرف اضافہ ہوا ہے بلکہ تعلیم کا معیار بھی بہترہوا ہے، آئندہ بھی اسی ماڈل کو آگے بڑھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم ہر بچے کا حق ہے اور یہ حق اس کو دے کر رہیں گے۔ انہوں نے کہاٍ کہ شعبہ تعلیم کی بہتری کیلئے جاری اصلاحاتی پروگرام کے اہداف پر عملدرآمد تسلسل کے ساتھ جاری رکھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سکولوں سے سرکاری سکولوں میں داخلے کا رجحان بڑھا ہے اور نجی سکولوں سے سرکاری سکولوں میں داخلے کی شرح میں 33 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ بچوں کے سکول نہ چھوڑنے کی شرح میں 57 فیصد اضافہ ہوا ہے تا ہم انرولمنٹ کی شرح کا ہدف حاصل کرنے کے لئے مزید محنت سے کام کرنا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں ہر کام میرٹ اور شفافیت کے ساتھ ہوتا ہے۔ لاکھوں اساتذہ کی بھرتی سوفیصد میرٹ پر کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ ایک شاندار پروگرام ہے۔ اس تعلیمی فنڈ کے ذریعے اب تک 2 لاکھ سے زائد کم وسیلہ طلبا و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کا حق دیا گیا ہے اور پنجاب حکومت کا یہ پروگرام جنوبی ایشیا کا سب سے بڑا تعلیمی وظائف کا پروگرام ہے۔ برطانیہ کے بین الاقوامی ترقی کے ادارے ڈیفڈ کے مینجنگ پارٹنر سر مائیکل باربر، پاکستان میں ڈیفڈ کی سربراہ جوانا ریڈ، ورلڈ بینک، برٹش کونسل، یونیسیف اور روڈمیپ ٹیم کے اعلیٰ حکام کے علاوہ صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد، صوبائی وزیر ہائر ایجوکشن سید علی رضا گیلانی، مشیر ڈاکٹر عمر سیف، چیف سیکرٹری، چیئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور ماہرین تعلیم کے علاوہ اعلیٰ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔
شہباز شریف