لکی مروت میں منعقدہ تاریخی تبلیغی اجتماع خصوصی دعا کے ساتھ اختتام پذیر
کرک ( بیورورپورٹ) لکی مروت میں منعقدہ تاریخی تبلیغی اجتماع خصوصی دعا کے ساتھ اختتام پذیر ، لاکھو ں فرزندان اسلام نے شرکت کی ، قافلے علاقوں کو واپس روانہ ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق منجی والا لنک روڈ پہاڑ خیل تھل ضلع لکی مروت میں منعقدہ تین روز ہ تبلیغی اجتماع گذشتہ روز معروف مبلغ دین مولانا طارق جمیل کی خصوصی دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوا اجتماع میں خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع بنوں ، لکی مروت ، کرک ، ڈیرہ اسماعیل خیل ، کوہاٹ ، ہنگو ، پشاور ، مردان سمیت ملک بھر سے ایک محتاط انداز ے کے مطابق چھ لاکھ سے زائد فرزندان اسلام نے شرکت کی اجتماع کے دوسرے اور تیسرے روز عوام کی توقع سے زیادہ شرکت کی وجہ سے کیئے گئے انتظامات کم پڑ گئے انڈس ہائی وے سمیت لکی مروت جانیوالی تمام سڑکوں کو ٹریفک جام رہا ، اجتماع کے پنڈال کے اطراف میں گاڑیوں کی پارکنگ ، کھانے پینے کے انتظامات ، سیکورٹی اور دیگر معاملات میں ضلعی انتظامیہ لکی مروت نے بھی دعوت تبلیغ کے رضا کاروں کا بھرپور ساتھ دیا ، اجتماع کے آغاز سے لیکر اختتام تک لاکھوں افراد کی موجودگی کے باوجود کوئی بڑا ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا دعوت تبلیغ کے معروف مکرر مولانا طارق جمیل نے اجتماع کے شرکاء سے اپنا پر تاثیر بیان بروز جمعہ بعد از نماز مغرب کیا انہوں نے اپنے بیان میں تمام مسلمانوں کو اللہ تعالی کی دین اسلام کی سر بلندی کیلئے نکلنے کی تلقین کرتے ہوئے مدلل انداز میں والدین ، بیوی اور مسلمانوں کے حقوق تفصیل سے بیان کیئے انہوں نے مضبوط اسلامی معاشرت قائم کرنے پر زور دیتے ہوئے مزید کہا کہ شیطانی طاقت مسلمان بھائیوں کو آپس میں لڑانے کیلئے بر سر پیکار ہے جن کا مقابلہ اسلامی تعلیمات کو فروغ دینے اور ایک دوسرے تک پہنچانے کے ذریعے ہی کیا جا سکتا ہے ہفتے کے روز صبح اجتماعی دعا میں عالم اسلام کی سا لمیت ، ملک و قوم کی خوشحالی و ترقی سمیت تمام مصائب و مشکلات کے حل کیلئے خصوصی دعائیں مانگیں گئیں اجتماع کے اختتام پر دور دراز کے علاقوں سے آنے والے قافلے واپس روانہ شروع ہو گئے ۔