آفاقی ذمہ داری نبھانے کیلئے خود کو تیار کرنا ہے ،ڈی سی صوابی
تورڈھیر(نمائندہ خصوصی) ڈپٹی کمشنر صوابی معتصم باللہ نے کہا ہے کہ ہم نے بحیثیت انسان ایک آفاقی ذمہ داری نبھانے کیلئے اپنے آپکوتیارکرنا ہے زمان اورمکان سے ہٹ کر پوری انسانیت کی فلاح کا سوچنا چاہیے اس وقت ہم جس دنیا میں رہ رہے ہیں وہ ایک گلوبل ویلج بن چکی ہے دنیامیں جو بھی حالات آتے ہیں چاہے قدرتی آفات ہیںیاانسانی ہاتھوں کے جنگوں کی شکل میں آفات ہیں ہمیں دنیا میں رہنا ہے اورڈٹ کر ان سارے حالات اورچیلنجز کا مقابلہ ہم نے کرنا ہے یاد رہے کہ خوف کی کیفیت انسان کو ترقی اورکامیابی کے منازل طے کرنے سے روکے رکھتا ہے وہ ہفتہ کے روز گورنمنٹ ڈگری کالج لاہور میں 8 اکتوبرکے حوالے سے’ آفات سے آگاہی کا قومی دن ‘کے موقع پر منعقدہ سیمنار سے خطاب کررہے تھے اس موقع پر کالج پرنسل بختیار خان نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب میں اے سی لاہور گوہرعلی،ٹی ایم اے لاہور کے جملہ سٹاف کے ہمراہ ٹی ایم او نورلامین، تحصیل ہیڈکوارٹرہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹرنیازمحمد، تحصیل کونسلر ذوالفقار علی، تحصیل بار کونسل کے وکلاء سمیت معززین علاقہ بھی شریک تھے ڈی سی کا کہنا تھا کہ کسی بھی آفات یا حادثاتی مواقع پر ہمارے نوجوان ایک کلیدی کردار اداکرسکتے ہیں بس تھوڑی سی انکی راہنمائی ہونی چاہیے کسی بھی ہنگامی حالات میں ہمیں بجائے حالات کی ویڈیو بنانے کے متاثرہ افراد کی مدد وتعاون پر توجہ دینی چاہیے ہمارے ذہن میں یہ بات ہونی چاہیے کہ کسی ٹریفک حادثہ کے موقع پر زخمیوں کوبھروقت ہسپتال پہنچانا انہیں ادویات اورخون کی عطیات فراہم کرنا، اسی طرح سیلاب یا زلزلہ کے حالات میں متاثرین کو رہائش، خوارک،لباس،بسترے، میڈیسن وغیرہ کی فراہمی کا ہماراجذبہ ہونا چاہیے تاکہ کسی ہنگامی حالات میں قیمتی جانوں کا کم سے کم ضیاع ہو اوریہ جذبہ کسی بھی تفرقہ بازی، قومیت، لسانیت اوراعتقادی سوچ اور نظریات سے بالاتر صرف انسان ہونے کی بنیاد پربصیرت کیساتھ ہونا چایئے انکا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم دنیاسے الگ تھلگ بھی نہیں رہ سکتے اوردنیا میں رہتے ہوئے حالات کا سامنا ضرور رہے گا تاہم برداشت کیساتھ تمام چیزوں کو دیکھنا، رونے دھونے کے بجائے محنت سے چینلجز کا مقابلہ کرنااورجہدمسلسل سے ہم حالات سے نمٹاسکتے ہیں ہم کسی بھی حالات میں ناامید بالکل نہیں ہونگے دنیامیں کوئی چیز ناممکن نہیں ہم نے پاکستان تو سنوارناہی سنوارنا ہے لیکن اسکے ساتھ پوری دنیا کی سنوارنے کی بھی فکرکرتے رہیں گے اورپوری انسانیت کی فلاح کی سوچ کیساتھ اسی فکرمیں سویا اوراسی فکر میں جاگا کرینگے قبل ازیں ڈی سی صوابی معتصم باللہ، اے سی لاہور، ٹی ایم او نورالامین اورتحصیل لاہور بار کونسل کے وکلاء کے ہمراہ لاہور شاخ پر آفات سے آگاہی کے حوالے خصوصی واک بھی کیا جسمیں تمام شرکائے واک نے بڑے بڑے بینرز اٹھارکھے تھے ۔