مصری شاہ ،3سالہ بچہ گٹر میں گر کر جاں بحق، اہل علاقہ کا شدید احتجاج

مصری شاہ ،3سالہ بچہ گٹر میں گر کر جاں بحق، اہل علاقہ کا شدید احتجاج

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لا ہور (کرائم رپورٹر)مصری شاہ کے علاقہ میں تین سالہ بچہ گٹر میں گر کر جاں بحق ہو گیا ،ورثاء اور اہل علاقہ نے لاش کو سڑک پر رکھ کر واسا کے خلاف شدید احتجاج کیا ،لاہور میں تین روز کے دوران کھلے گٹر اور نالے میں گر کرتین بچے ہلاک ہو چکے ہیں،وائس چیئرمین اور مینیجنگ ڈائریکٹر واسا نے بچے کی ہلاکت کی ذمہ داری ضلعی حکومت پر عائد کر دی ، غفلت پر ٹی ایم اے شالیمار ٹاؤن کے ٹھیکیدار کے خلاف مقدمہ درج ،واسا کے ایس ڈی او اور سب انجینئر کو معطل جبکہ سپر وائزر کو برطرف کر دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ مصری شاہ کے علاقہ نواب کا لو نی فیض با غ میں تین سالہ بچہ یوسف ایاز گٹر کے بالکل ساتھ کی گئی کھدائی کے باعث گٹرکے اندر جا گر ا۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے تاہم جب بچے کو گٹر سے باہر نکالا گیا تو وہ جان کی بازی ہار چکا تھا۔بچے کے ورثاء اور اہل علاقہ نے لاش کو وہیں رکھ کر احتجاج شروع کر دیا اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری بھی موقع پر پہنچ گئی اور انہوں نے ورثاء کو یقین دہانی کرائی کہ غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔وائس چیئرمین واسا چوہدری شہباز کا اس حوالے سے کہنا تھاکہ اس میں واسا کی کوئی غلطی نہیں بلکہ ٹی ایم اے شالیمار ٹاؤن نے کھدائی کر رکھی تھی جس کے باعث یہ حادثہ رونما ہوا۔جہاں تک واسا کے افسران کی جانب سے اسے چیک کرنے کا سوال ہے تو اسی لئے متعلقہ افسران کے خلاف بھی کارروائی کی جا رہی ہے۔میئر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید نے کہا کہ جو افسوسناک واقعہ رونما ہوا یہ نہیں ہونا چاہیے تھا اور میں سمجھتا ہوں اس میں میری بھی غلطی ہے اور اس کا مداوا کروں گا اور اس کی ضرور باز پرس کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ واسا کی کوتاہی ہے ،ہم فوری میکنزم بنا رہے ہیں اور جن گٹروں کے لوہے کے کڑے ٹوٹے ہوئے ہیں یا گٹر کے ڈھکن نہیں انہیں فوری درست کیا جائے اور ڈھکن کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میئر اور ڈپٹی میئر ہر گلی میں نہیں جا سکتا ،ایک پورا نظام موجود ہے جسے کام کرنا چاہیے۔ ایم ڈی واسا زاہد عزیز نے کہا کہ شاہدرہ میں جو واقعہ پیش آیا اس میں بچہ کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہوالیکن شاہدرہ میں بچہ کھلے نالے میں گرا اور مر گیا۔ مصری شاہ میں پیش آنے والے واقعہ میں بھی واسا قصور وار نہیں وہاں گٹر پر ڈھکن موجود تھا جبکہ شالیمار ٹاؤن نے اپنے ترقیاتی کام کے لئے ٹف ٹائل کو اکھاڑ کر کھدائی کی ہوئی تھی۔ ہم نے اپنے ملازمین کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے کہ انہوں نے اسے چیک کیوں نہیں کیا جبکہ اس کی تحقیقات کے لئے انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دیدی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہر یا کھلے نالے کے قریب اتنے چھوٹے بچے کو نہیں جانے دینا چاہیے۔علاو ہ ازیں واقعہ پر ٹھیکیدار ٹی ایم اے شالیمار کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ،ایس ڈی او واسا عظمت شیخ اور سب انجینئر محمد شہزاد کو معطل جبکہ سپروائزر عمران مشتاق کو برطرف کر دیا گیا۔اس حو الے سے ایس ایچ او مصر ی شا ہ ہد ایت علی نے بتا یا کہ مد عی ایا ز محمو د کی درخو است پر ٹھیکد ار غلا م مصطفی کے خلا ف مقد مہ درج کر کے تفتیش شر وع کر دی ہے۔