مظفرآباد،’’ آفات سے محفوظ معاشرہ،ہم سب کی منزل ‘‘ واک کا انعقاد
مظفرآباد(بیورورپورٹ)سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام قدرتی آفات سے شعور و آگاہی کے لئے ڈپٹی کمشنر آفس سے سنٹرل پریس کلب مظفرآباد تک’’ آفات سے محفوظ معاشرہ ۔ہم سب کی منزل ‘‘ واک کا انعقاد ہوا۔واک میں سیکرٹری ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ظہیر الدین قریشی ، ڈائریکٹرجنرل شہری دفاع خالدمحمود مرزا ،ڈپٹی کمشنر مظفرآباد مسعود الرحمن ، چیئرمین ڈویلپمنٹ اتھارٹی مظفرآبادچوہدری رقیب ، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن شکیل گیلانی ، ایڈمنسٹریٹر ضلع کونسل خورشید کیانی ،ایس ایس پی راجہ اکمل ، ایس پی آصف درانی ، اے ڈی سی جنرل سید اشفاق گیلانی ، چیف افسر بلدیہ مقصود کاظمی ، ڈی ایس پی واحید گیلانی، ڈی ایس پی شجاع گیلانی ، ن لیگ کے رہنما راجہ ساجد ، سابق چیئرمین سٹی ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن زاہد آمین ، ریسکیو 1122کے آفیسر خواجہ عمر، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے رضا کاروں ، ریسکیو 1122، پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی ، بوائز ، سکاؤٹس ،گرلز گائیڈ ، سکولوں ، کالجوں کے طلباء طالبات ، سماجی بہبود ،سرکاری ملازمین ،تاجران ، میڈیا ، سول سوسائٹی اور عوام کی کثیر تعداد نے واک میں شرکت کی ۔ واک کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈزاٹھا رکھے تھے جن میں قدرتی آفات سے نمٹنے اور بروقت تیار رہنے کے حوالے سے تحریری پیغامات درج تھے ۔واک سنٹرل پریس کلب مظفرآباد پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی ۔ اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے سیکرٹری سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ظہیر الدین قریشی نے کہا کہ 8اکتوبر 2015کے سانحہ کوگزرے بارہ سال ہوگئے۔ اکتوبر 2005کے زلزلے میں آزادکشمیر میں ہزاروں لوگ شہید اور لاکھوں زخمی اور بے گھر ہوئے جن کے دکھوں کا غم آج بھی تازہ ہے اور اسی سلسلے میں آج ہم یہاں جمع ہیں ۔ زلزلے میں ہونے والے ناقابل تلافی جانی نقصان کا ازالہ تو ممکن نہیں تاہم یہ عہد کرتے ہیں کہ ہم ایک عزم ، حوصلے اور استقامت سے بحالی اور تعمیر نوکو جلد مکمل کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122بطریق احسن اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے رہی ہے ، محدود وسائل اور افرادی قوت کی کمی کے باوجود محکمہ کی کارکردگی تسلی بخش ہے ، ہماری کوشش ہے کہ آئندہ سال تک اس محکمہ میں افرادی قوت کی کمی کو پورا کریں ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مسعود الرحمن نے واک کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر 8اکتوبر 2005میں ہمارے پاس مشینری ہوتی جیسی آج ہے تو ہم اپنے پیاروں کو بچا سکتے تھے ۔ہمیں اپنی فوج اور پولیس فورس پر فخر ہے جنہوں نے آزمائش کی اس گھڑی میں دن رات ایک کرکے ڈیوٹیاں سرانجام دیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ اب ریاست میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیسری فورس ریسکیو 1122بھی شامل ہوگئی ہے، اس موقع پرصدر سنٹرل پریس کلب سہیل مغل ،سابق وائس چیئرمین پریس فاؤنڈیشن سردار ذوالفقار علی ، مسلم لیگ ن کے رہنماء راجہ ساجد ، زاہد امین ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔ بعدازں سنٹرل پریس کلب سے بینک روڈ تک ڈپٹی کمشنر مظفرآباد مسعود الرحمن کی سربراہی میں فلیگ مارچ کیا گیا ۔فلیگ مارچ میں ضلعی انتظامیہ ، ریسکیو ، پولیس ، سول ڈیفنس ، ایم ڈی اے ، بر قیات ، شاہرات اور میونسپل کارپوریشن کے آفیسران اور اہلکاران نے ریسکیوکی گاڑیوں سمیت شرکت کی ۔فلیگ مارچ کے اختتام پر بینک روڈ پر ریسکیو 1122کے رضا کاروں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مظاہرہ کیاجسے دیکھنے کیلئے عوام کی بڑی تعداد موجود تھ،۔تقریب کے اختتام پر شہدائے زلزلہ کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی ۔