چکوال شہر میں صفائی نجی کمپنی کے حوالے کرنیکا فیصلہ ہوگیا،چوہدری سجاد

چکوال شہر میں صفائی نجی کمپنی کے حوالے کرنیکا فیصلہ ہوگیا،چوہدری سجاد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر) چیئرمین میونسپل کمیٹی چوہدری سجاد احمد نے بتایا کہ چکوال شہر کی صفائی کا معاملہ نجی کمپنی کے حوالے کرنے کا فیصلہ کن مرحلہ شروع ہوچکا ہے او رآئندہ ایک دو ہفتے میں مذکورہ کمپنی شہر میں صفائی کا ابتدائی کام شروع کرے گی۔ شہر میں صفائی کے عملے کیلئے ہمارے پاس 100سینٹری ورکرز موجود ہیں۔ جبکہ 53آسامیاں خالی پڑی ہیں۔ پنجاب حکومت نے نئی بھرتی پر مکمل پابندی عائد کر رکھی ہے۔ اس وقت ہر 200افراد کی آبادی کیلئے صرف ایک سینٹری ورکر موجود ہے جس کی وجہ سے صفائی کے حوالے سے مسائل ہیں۔ وہ بول ایف ایم ریڈیو88 کے لائیو پروگرام میں اظہار خیال کررہے تھے۔ پروگرام کے میزبان خواجہ بابر سلیم محمود اور فرخ سلطان ذوالفی ہیں۔ خواجہ بابرسلیم محمود نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے بلدیاتی انتخابات کروا کہ ادارے تو فنکشنل کردیے ہیں۔ مگر فنڈز اور اختیار نام کی کوئی چیز ان کے پاس نہیں۔ جنرل پرویز مشرف کا بلدیاتی نظام موجودہ نظام سے ہزار درجہ بہتر تھا۔ مسلم لیگ ن کی پنجاب حکومت اپنے ہی پارٹی کے منتخب چیئرمینوں کو فنڈز اور اختیار دینے کے حق میں نہیں یہ کو ن سے جمہوریت ہے۔ بلدیاتی نمائندوں کے اوپر افسر شاہی کوبیٹھا دینا، عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے۔ چیئرمین بلدیاتی چوہدری سجاد احمد نے بھی وزیراعظم پنجاب سے مطالبہ کیا کہ ہمارے اوپر اعتماد کریں ، ہمیں اختیار دیں تاکہ 2018کے انتخابات میں ہم اپنی کارکردگی کو کیش کر اسکیں۔ صاحبزادہ فرخ سلطان ذوالفی نے تجویز دی کہ عوام میں شعور پیدا کر نے کیلئے ہر وارڈ میں صفائی مہم شروع کی جائے اور وارڈ کونسلر کو آگے لگایا جائے۔ چیئرمین چوہدری سجاد احمد خان نے اس یقین کااظہار کیا کہ وہ بہرحال چھپڑ بازارکو ایک بڑے بازار اور ایک نئے ماڈل بازار کی تعمیر سے چکوال شہر میں کاروبارکو مزید وسعت ہوگی لہٰذا 121ٹھیہ بانوں پر سیاست نہ کی جائے اور قدیمی چھپڑ بازار کی حالت کو مزید بہتر بنانے کیلئے بلدیہ کے ساتھ تعاون کیا جائے۔