وزیر قانون زاہد حامد کو فوراً معطل کرکے گرفتار کیا جائے، قوم ناموس رسالت ﷺ کے قانون کی حفاظت کے لئے میدان میں نکلنے کے لئے تیار ہو جائے :قاری زوار بہادر
سیالکوٹ(ڈیلی پاکستان آن لائن) جمعیت علماء پاکستان کے سربراہ علامہ قاری محمد زوار بہادر نے کہا ہے کہ قوم ناموس رسالت ﷺ کے قانون کی حفاظت کے لئے میدان میں نکلنے کے لئے تیار ہو جائے، سیکولر عناصر ایک بار پھراس قانون پر وار کرنا چاہتے ہیں ، یہ قانو ن کسی انسان کا بنایا ہوا نہیں بلکہ خود اللہ رب العزت نے اپنے محبوب ﷺ کی ناموس کی حفاظت کا قانون بنایا ہے، غلامان مصطفےٰ ﷺ اس قانون کو ختم کرنے یا اس میں ترمیم ہر گز برداشت نہیں کریںگے ، ہم نے پہلے بھی اس کے آگے بند باندھا ہے، آئندہ بھی میدان عمل میں ہوںگے ،وزیر قانون زاہد حامد کو فوراً معطل کرکے گرفتار کیا جائے کیونکہ وزیر قانون نے آئین پاکستان کی خلاف ورزی کی ہے ، ملکی حالات تیزی سے ابتری کی طرف جارہے ہیں ، ملک میں لاء اینڈ آڈر نام کی کوئی چیز دکھائی نہیں دے رہی، کراچی میں حالات ایک بار پھر خرابی کی طرف جا رہے ہیں ،سندھ حکومت خواتین پر چھرا وار کے حملوں کے ملز موں کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے ۔
سیالکوٹ میں ’’ختم نبوتﷺ کا نفرنس ‘‘کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے قاری زوار بہادر نے کہا کہ حکمرانوں نے سب کچھ اُلٹ پلٹ کر کے رکھ دیا ہے ، اس وقت ملکی خزانے کوبہت بُری صورت حال کا سامنہ ہے ، کشکول توڑنے کی باتیں کرنے والے وطن عزیز کا سب کچھ گروی رکھ چکے ہیں ،مہنگائی آسمانوں سے باتیں کررہی ہیں ،غریب دو وقت کی روٹی سے محروم فاقہ کشی پر مجبور ہے، بجلی ،گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اس قدر اضافہ کردیا گیا ہے کہ عام آدمی گھر کا چولہا جلا سکتا ہے یا بل ادا کرسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء پاکستان نظام مصطفےٰ ﷺ کی علمبرار ہے ، اسمبلی کی ممبریاں اور سیٹیں ہمارے لئے کوئی حیثیت نہیں رکھتیں، ہم صرف وطن عزیز کے حصول کے اصل مقصد نفاذ نظام مصطفےٰ ﷺ کے لئے جدوجہد کررہے ہیں ،اگر قوم نے اب بھی ہوش کے ناخن نہ لیے تو آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی۔