عمران خان سیاست کی الف، ب بھی نہیں جانتا ،اپوزیشن لیڈر بننے کا خواب پورا نہیں ہوگا ،شیخ رشید کے بیان کو اہمیت نہیں دیتے :منظور وسان
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)صوبائی وزیر صنعت و تجارت منظور وسان نے کہا ہے کہ عمران خان کا اپوزیشن لیڈر بننے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا ،عمران خان سیاست کی الف، ب بھی نہیں جانتا ،ملک کی صورتحال انتہائی خراب ہے جس کی وجہ سے عام انتخابات وقت پر ہوتے نظر نہیں آرہے ہیں ،اکتوبر کا مہینہ ہر لحاظ سے خطرناک ثابت ہوتا نظر آرہا ہے ،آئی جہ سندھ کے خلاف سندھ حکومت کوئی ساز ش نہیں کررہی ہے سندھ پولیس مکمل با اختیار ہے ، کراچی میں خواتین کو خنجروں سے نشانہ بنانا کراچی کو بدنام کرنے کی سازش لگتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر منظور وسان نے کہا کہ پرویز مشرف کی جانب سے شہید بینظیر بھٹو کے قتل کا الزام آصف زرادری پر لگانا سمجھ سے باہر ہے،اگر پرویز مشرف بینظیر بھٹو کے قاتلوں کا جانتے تھے تو اتنا وقت خاموشی کیوں اختیار کی ؟۔انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں ہے، کبھی وہ کہیں ،اور کبھی کسی کے ساتھ ملکر اپنی سیاست چمکاتا ہے ، آج کل اس کی عمران خان سے دوستی چل رہی ہے ، ہم شیخ رشید کے بیان کو اہمیت نہیں دیتے ۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف اب وطن واپس نہیں آئینگے ، ملک کی صورتحال انتہائی خراب ہے جس کی وجہ سے لگتا ہے کہ انتخابات وقت پر نہیں ہونگے ، پیپلزپارٹی نے کبھی کسی سے مک مکا نہیں کیا اور نہ ہی پیپلزپارٹی کسی مک مکا پر یقین رکھتی ہے،پیپلزپارٹی شہیدوں کی پارٹی ہے جو ہمیشہ عوام کے درمیان رہ کر کا میاب ہوتی ہے، آئندہ انتخابات میں بھی عوامی طاقت سے سندھ اور وفاق میں حکومت بنائینگے ۔انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگرد ضیاء الحق کی پیدوار ہیں جنہیں سابق آمر نے پروان چڑھایا اور اب پاک فوج نے دہشتگردوں کے خلاف بڑی کاروائیاں کرکے ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ کردیا ہے، وہ وقت دور نہیں جب ملک مکمل طور پر امن کا گہوارہ ہوگا ۔