زرداری ٹولہ خوفزدہ اور بوکھلاہٹ کا شکار ،عمران خان سندھ سے چوروں کو بھگانے کے لیے ہر گوٹھ گلی اور کوچوں میں پہنچیں گے: عارف علوی
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ عمران خان سندھ سے چوروں کو بھگانے کے لیے ہر گوٹھ گلی اور کوچوں میں پہنچیں گے، سندھ میں تحریک انصاف کی بڑھتی ہوئی مقبولیت دیکھ کر زرداری ٹولہ خوفزدہ اور بوکھلاہٹ کا شکار ہے، سندھ حکومت کی تمام پالیساں ناکام ہوگئیں ہیں، نوجوان روز گار کے لیے دربد کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔
تحریک انصاف سند ھ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ 20اکتوبر کو عمر کوٹ اور 22 اکتوبر کو سہون شریف میں جلسہ ہوگا جس میں پارٹی چیئرمین عمران خان خطاب کریں گے، تحریک انصاف اور چیئرمین عمران خان کا پیغام گلی گلی گھر گھر پہنچانے میں کارکنان اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں ، آئندہ انتخابات میں وفاق سمیت سندھ میں بھی تحریک انصاف کی حکومت بنے گی ، سندھ کے عوام کسی بھی کرپٹ ٹولے کے متحمل نہیں ہو سکتے، سند ھ کے عوام تبدیلی کے خواہشمند ہیں اور حقیقی تبدیلی کے تحریک انصاف کی جانب دیکھ رہے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کی تعلیمی ایمرجنسی کی قلعی کھل گئی ہے، ایمر جنسی کے نام اربوں کی کرپشن کی گئی، 9سالہ دور حکومت میں پیپلز پارٹی نے سندھ کو کھوکھلا کردیا ہےمگر اب سندھ کے وسائل پر ڈاکہ ڈالنے والوں کے دن گنے جا چکے ہیں، آ ئندہ عام انتخابات میں پنجاب کی طرح سندھ سے بھی پیپلز پارٹی کا خاتمہ ہوجائے گا۔