جسٹس (ر) جاوید اقبال کی چیئرمین نیب تعیناتی خوش آئند ، احتساب بلاتفریق اور ملک کے مفاد کے لیئے ہو نا چاہئے کسی کو انتقام کا نشانہ نہ بنایا جائے :سینیٹرشاہی سید
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی راہنماسینٹر شاہی سید نے جسٹس (ر) جاوید اقبال کی بطور چیئرمین نیب تعیناتی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ احتساب بلاتفریق اور ملک کے مفاد کے لیئے ہو کسی کو انتقام کا نشانہ نہ بنایا جائے ،فاٹا کے عوام اپنے حقوق کے لیئے شہر اقتدار آ رہے ہیں ان کے حقوق کو تسلیم کیا جانا چاہیے۔
نجی ٹی وی کے مطابق میڈیا سے گفتگو میں سینٹر شاہی سید نے کہا کہ چیئر مین نیب کی تقرری کے لیئے حکومت اور اپوزیشن کا اتفاق خوش آئند ہے ، جسٹس (ر) جاوید اقبال غیر متنازعہ اور بے داغ ماضی رکھنے والی شخصیت ہیں ،ہمیں توقع ہے کہ وہ ادارے کو بہتر انداز میں چلائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا ہمیشہ سے موقف رہا ہے کہ بلاتفریق اور بے رحم احتساب کیا جائے، کرپشن ملک کی جڑیں کھوکھلی کرتی ہے جو کہ دہشت گردی سے زیادہ خطرناک ہے ،ہم نے ہمیشہ احتساب کو ذاتی انتقام کے لیئے استعمال کرنے کی نفی کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش مسائل کو دیکھا جائے ،اتفاق رائے سے کئے جانے والے فیصلوں کے نتائج بھی بہتر نکلتے ہیں ،سینٹر شاہی سید نے کہا کہ (کل) پیر کو قبائلی عوام اپنے حقوق کے لیئے شہر اقتدار کا رخ کر رہے ہیں انہیں حقوق ملنے چاہیں ،قبائلی عوام پاکستان میں شامل ہونے کی تحریک لے کے اسلام آباد کا رخ کر رہے ہیں انہیں پاکستانی تسلیم کیاجانا چاہیے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اے این پی فاٹا کے عوام کے مطالبات کی تائید کرتی ہے اور اس تحریک میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔