حیدرآباد کے رہائشی ڈرائیور کے اکاؤنٹ سے4 کروڑ 99 لاکھ روپے نکل آئے
حیدرآباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) ڈرائیور کے اکاؤنٹ سے بھی کروڑوں روپے نکل آئے جس سے اس نے حکام کو آگاہ کردیا۔
نجی ٹی وی چینل''جیونیوز'' کے مطابق حیدرآباد کے رہائشی پردیپ کمار کے مطابق وہ پیشے سے ڈرائیور ہیں اور ان کے اکاؤنٹ میں ستمبر میں 18 ہزار روپے موجود تھے لیکن جب اے ٹی ایم سے تنخواہ نکالی تو وہ سلپ دیکھ کر حیران رہ گئے،پردیپ کمار نے بتایا کہ ان کے اکاؤنٹ میں 4 کروڑ 99 لاکھ روپے سے زائد کی رقم نکل آئے جس کے باعث وہ سلپ دیکھ کر حیران رہ گئے اور انہوں نے اس سے متعلق اپنے افسران کو آگاہ کیا،بینک کے عملے کو بھی اس حوالے سے آگاہ کردیا گیا ہے جس نے ضروری کارروائی شروع کردی ہے۔
واضح رہےکہ ایف آئی اے بے نامی اکاؤنٹس سے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کی تحقیقات کررہی ہے اور تحقیقات کے بعد سےاچانک کچھ افراد کے اکاؤنٹس سے کروڑوں روپے نکل آئے ہیں جن میں کراچی کا رہائشی فالودہ فروش بھی شامل ہےجس کے اکاؤنٹ سے 2 ارب روپے نکلے۔