کراچی کے سرکاری سکولوں کے ناقص امتحانی نتائج!

کراچی کے سرکاری سکولوں کے ناقص امتحانی نتائج!

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app



معاصر کی خبر کے مطابق کراچی میں میٹرک کا امتحان دینے والے طلباء کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا اور نتائج کے مطابق سرکاری سکولوں کے طلباء و طالبات کی تعداد کل پاس ہونے والے طلباء و طالبات کے صرف 9فیصد کے برابر ہے۔ ان سکولوں پر سالانہ اربوں روپے وظائف، مفت کتابوں اور دیگر مراعات کے باوجود تعلیمی حالات کا ان نتائج سے اظہار ہوتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 2019ء کے لئے امتحان دینے والوں کے نتائج یوں آئے کہ سائنس کے مضمون میں کل 1لاکھ 61ہزار 882طلباء و طالبات نے امتحان دیا ان میں سے ایک لاکھ 1ہزار924پاس ہوئے۔کراچی کے 288 سرکاری سکولوں کے طلباء و طالبات نے میٹرک کے امتحان میں شرکت کی تھی تاہم سائنس مضامین کے جو طلباء و طالبات پاس ہوئے ان میں سرکاری سکولوں والوں کی تعداد صرف 9فیصد ہے کہ ان پاس ہونے والے ایک لاکھ سے زائد طلباء و طالبات میں سے صرف 10ہزار 05طلباء و طالبات نے میٹرک کا امتحان پاس کیا اور ان میں سے صرف 26طلباء اور 148طالبات نے اے ون گریڈ حاصل کیا۔یہ بہت ہی افسوسناک صورت حال ہے اور ہمارے اکابرین تعلیم کے لئے بہت شور مچاتے ہیں لیکن کراچی جیسے بڑے شہر میں سرکاری سکولوں میں تعلیم کی یہ حالت ہے، یہاں اربوں روپے ضائع ہونے کا تاثر ملتا ہے۔حکومت سندھ کو نہ صرف کراچی بلکہ پورے سندھ کے سرکاری سکولوں کے نتائج کا تجزیہ کرکے درستگی کے اقدامات کرنا ہوں گے کہ وہ عوامی نمائندے ہیں تو اس سب کے لئے جواب دہ بھی ہیں۔

مزید :

رائے -اداریہ -