بشیر میمن کے انٹرویو سے احتساب کے دعووں کی قلعی کھل گئی: نواز شریف
لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ بشیر میمن کے انٹرویو سے احتساب کے دعووں کی قلعی کھل گئی، یہ انتقام ہورہا ہے، ملک کا وزیر اعظم جس سطح پر جاچکا ہے اس سے زیادہ افسوسناک بات نہیں ہوسکتی۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کے دوران سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن کے انٹرویو پر رد عمل دیتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ یہ ہے احتساب کی اصلی صورت، یہ احتساب نہیں انتقام ہے۔ دیکھیں کہ کیسے 22 گریڈ کے سول سرونٹ کو کہا جارہا ہے کہ تم یہ کیس بناؤ۔ بشیر میمن ایماندار افسروں میں شامل ہوتے ہیں، ان کے منہ سے یہ باتیں آرہی ہیں تو اس سے عمران خان کی قلعی کھلتی ہے۔
غداری کے مقدمے کے حوالے سے میاں نواز شریف نے کہا کہ اس سے زیادہ افسوسناک بات کیا ہوسکتی ہے کہ ملک کا وزیر اعظم اس سطح پر آجائے کہ ایسے کام کرے، ملکی تاریخ میں کوئی ایسا وزیر اعظم نہیں آیا تھا چونکہ یہ وزیر اعظم نہیں ہے بلکہ سلیکٹڈ ہے تو اس لیے سلیکٹرز پر بھی اس کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ کیوں انہوں نے اس طرح کے نا اہل بندے کو لگایا۔