زمبابوے کمزور حریف نہیں: اچھی کپتانی اولین ترجیح ہے، بابر اعظم 

زمبابوے کمزور حریف نہیں: اچھی کپتانی اولین ترجیح ہے، بابر اعظم 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی ٹی20 و ون ڈے ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ  بائیو سیکیور ببل کی  عادت ہوچکی ہے تاہم کورونا وائرس کی وباء کے  باوجود کرکٹ کی سرگرمیاں جاری رہنا خوش آئند ہے۔پہلے انٹرنیشنل اور پھر کاؤنٹی کرکٹ میں مصروفیات کے باعث وہ ایک طویل عرصے سے ڈومیسٹک کرکٹ  میں اپنے ساتھی کھلاڑیوں سے ملاقات نہیں کرسکے، راولپنڈی میں سنٹرل پنجاب کے اسکواڈ کو جوائن کرنے پر بہت پرخوش ہیں۔سنٹرل پنجاب کے کپتان بابراعظم کاکہنا ہے  کہ گزشتہ سال سنٹرل پنجاب کی باؤلنگ کمزور تھی مگر اس مرتبہ ہم ٹورنامنٹ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ مزید کہا کہ اپنی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کرنا ہی دباؤ دور کرنے کا بہترین طریقہ ہے، وہ پختہ ذہن اور خود اعتمادی کے  ساتھ میدان میں اترتے  ہیں۔بابراعظم کا کہنا ہے کہ میچ میں اپنی باری کے انتظار میں انہیں دباؤ کا سامنا کرنا پڑے تو وہ ڈریسنگ روم میں موجود ساتھی کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف سے گفتگو شروع کردیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ میدان میں اترنے سے قبل زیادہ دیر چپ نہیں بیٹھ سکتے بابراعظم نے کہا کہ نیشنل ٹی ٹونٹی کپ 2020 نوجوان اور باصلاحیت کرکٹرز کیساتھ پاکستان کے وائٹ بال اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کے لیے اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ ایونٹ کے فوری بعد زمبابوے کرکٹ ٹیم پاکستان کے دورہ پرپہنچ جائے گی اور وہ سیریز ہمارے لیے دورہ نیوزی لینڈ کی ایک اچھی تیاری ہوگی۔انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل سطح پر کوئی بھی ٹیم آسان نہیں ہوتی، اس لیے  زمبابوے کے خلاف بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ بابراعظم کا مزید کہنا تھا کہ وہ زمبابوے کے خلاف  کامیابی حاصل کرکے وننگ موومنٹم نیوزی لینڈ لے کر جانا چاہتے ہیں کیونکہ نیوزی لینڈ کے خلاف نیوزی لینڈ میں سیریز آسان نہیں ہوتی ٹیم مستقبل میں ہر سیریز میں کامیابی کے لئے پرعزم ہے۔