ایپکا، واپڈاہائیڈرویونین کے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرے 

    ایپکا، واپڈاہائیڈرویونین کے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرے 

  

 لاہور (سٹی رپورٹر) پاکستان بھر کے سرکاری ملازمین نے ایپکا اور واپڈا ہائیڈ رو یونین کے زیراہتمام مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرے کئے۔ ایپکا کے زیر اہتمام لاہور کے 45 مقامات جن میں ٹھوکر چوک،ساندہ روڈ،ڈیوس روڈ،وحدت روڈ،قذافی اسٹیڈیم، برکت مارکیٹ ،فرید کورٹ ہاؤس، علامہ اقبال میڈیکل کالج احتجاجی مظاہرے کئے گئے جبکہ مرکزی مظاہرہ اور ریلی صبح 10 بجے لوکل گورنمنٹ کمپلیکس ساندہ روڈ  سے زیر قیادت حاجی محمد ارشاد چوہدری کیاگیا۔ حاجی محمد ارشاد چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور 10 اکتوبر تک مطالبات پورے نہ کئے گئے تو 14 اکتوبر کو اسلام آباد میں دھرنا ہوگا جو مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گا۔ دوسری جانب آل پاکستان واپڈا ہائیڈروالیکٹرک ورکرزیونین سی بی اے کے زیراہتمام گزشتہ روز محکمہ بجلی  واپڈا کے ہزاروں محنت کشوں نے ملک بھر کے تمام بڑے شہروں میں ریلیاں اور جلوس نکال کر اپنے مطالبات کے حق میں "یوم احتجاج" منایا۔ لاہور میں محکمہ بجلی  واپڈا کے سینکڑوں کارکنوں نے قومی پرچم اور اپنے مطالبات کے حق میں بینرز  اٹھا  رکھے تھے۔ لاہور پریس کلب کے سامنے احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری خورشیداحمد نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سرکاری،نیم سرکاری، محکمہ بجلی  واپڈا، ریلوے، صنعتی، تجارتی،بینکوں، میڈیا ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنوں میں کم ازکم 30 فیصد اضافہ کیا جائے جوکہ اس سال وفاقی بجٹ میں میں نہیں کیا گیا۔ اس موقع پر اجلاس میں حاجی محمد یونس، رانا عبد الشکور، مظفر متین، اْسامہ طارق،نوشیر خان، ملک ظہور،حاجی لیاقت علی، لیاقت گجر، نوید ڈوگر اور یونین کے  دیگرنمائندگان نے خطاب کیا۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -