داتا گنج بخشؒ نے ہزار سال قبل ہند میں اسلام کا بیج بویا،مسعود احمد صدیقی

  داتا گنج بخشؒ نے ہزار سال قبل ہند میں اسلام کا بیج بویا،مسعود احمد صدیقی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور(لیڈی رپورٹر)تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے امیر اور لاثانی ویلفیئرفاؤنڈیشن انٹرنیشنل کے چیئرمین قائدروحانی انقلاب صوفی مسعوداحمد صدیقی المعروف لاثانی سرکار نے حضرت داتا گنج بخشؒ  کے 977ویں سالانہ عرس مبارک کی مناسبت سے مرکزی سیکرٹریٹ پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری نے ایک ہزار سال قبل ہند کی سرزمین میں حرفِ حق کے ذریعے اللہ تعالیٰ کی وحدانیت،نبیؐ کی رسالت اور اسلام کی حقانیت کا جو بیج بویا، وہ اللہ تعالیٰ کی تائید و نصرت سے ایک ایسا تناور درخت بن گیا جس کی جڑیں اس سرزمین میں نہایت مضبوط ہوگئیں اور شاخیں وسیع فضاؤں میں پھیل گئیں۔ حضرت علی ہجویری نے جو شجر ِ طیبہ بویا، حضرت علامہ اقبال اسی شجر طیبہ کا حیات بخش ثمر تھے۔
جنہوں نے کلمہ طیبہ کی بنیاد پر اس خطہ ارضی کے حصول کا راستہ مسلمانانِ ہند کو دکھایا۔

 تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے مرکزی رہنما اور پاکستان مسلم الائنس کے صوبائی صدر صاحبزادہ پیر شبیر احمد صدیقی نے کہاکہ خطہ پاک کی حفاظت و استحکام کے لیے بھی حضرت داتا گنج بخش کے محبت آمیز اور ایمان افروز افکار و نظریات سے راہنمائی کی اشد ضرورت ہے، آج وطن عزیز پر جس انتہا پسندی اور تشدد پرستی کے سائے منڈلا رہے ہیں،اس سے نبرد آزما ہونے کے لیے ضروری ہے کہ ہم حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری کے اْنہی اخوت و انسان دوستی پر مبنی متصوفانہ افکار و کردار اور حیات واحوال کو اپنا رہبر و رہنما بنائیں۔ نیز حضرت داتا گنج بخش کے افکار و احوال کو بھی اپنا رہبر بنانا ہوگا جس میں آپ فرماتے ہیں کہ اخلاق و معاملات کی پاکیزگی، صوفی کے کردار کا وہ جو ہر ہے جو اْسے گرد و پیش سے ممتاز کرتا ہے۔ تقریب سے پیر الطاف حسین نقشبندی، پیر رفاقت علی نقشبندی، پیر جنیداحمد نقشبندی، پیر لیاقت علی نقشبندی، پیر ناصر گل نقشبندی سمیت دیگر علماء و مشائخ نے خطاب کیا، جبکہ اختتام پر بارگاہ خاتم النبیین  میں درودوسلام کے نذرانے اور ملکی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں۔