اپر اورکزئی،سڑک کی تعمیر میں   بے قاعدگی پر4 افیسر معطل

اپر اورکزئی،سڑک کی تعمیر میں   بے قاعدگی پر4 افیسر معطل

  

پشاور(سٹاف رپورٹر) اپر اورکزئی غوز گڑھ سڑک کی تعمیرکے منصوبے میں بے قاعدگیوں پر ضلع اورکزئی کے ایک سابق سی اینڈ ڈبلیو ایکسین ایک انجینئر ایک ایس ڈی او اور ایک سب انجینئرسمیت چار افسران معطل کر دئیے گئے۔تفصیلات کے مطابق معطل افسران کے خلاف مزید محکمانہ کاروائی جاری ہے اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر ضلع اورکزئی واصل خان خٹک نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ آج سے کچھ عرصہ قبل اپر اورکزئی کے علاقے غوزگڑھ روڈ کی تعمیر میں ناقص میٹریل اور بے قاعدگیوں کی ویڈیو منظر عام پر آئی تھی۔ جس پرحکومت نے مانیٹرنگ آفیسر کوہاٹ ڈویژن عمران کی سربراہی میں مانیٹرنگ ٹیم کو حقائق جانچنے کی ذمہ داری سونپی تھی۔ ٹیم نے ضلعی انتظامیہ کے افسران کے ہمراہ غوز گڑھ روڈ کا دورہ کرکے اس ترقیاتی منصوبے میں بے قاعدگیوں میں ملوث افسران کے خلاف رپورٹ پیش کی۔ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ نے بھی کاروائی کرنے کی سفارشات ارسال کیں۔ مکمل انکوائری اور تحقیقات کے بعد وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے بے قاعدگیوں میں ملوث پائے گئے سی اینڈ ڈبلیو ضلع اورکزئی کے سابق ایکسین اسسٹنٹ ڈائریکٹر شوکت اللہ، انجینئرعظمت اللہ، ایس ڈی او عباد اللہ اورسب انجینئر راج محمد کو معطل کر دیا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ ان معطل افسران کے خلاف مزید محکمانہ کاروائی بھی کی جارہی ہے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -