سرحد چیمبر کا انڈسٹریل اسٹیٹ سمیت صنعتی بستیوں کو بلا تعطل بجلی فراہمی کا مطالبہ

  سرحد چیمبر کا انڈسٹریل اسٹیٹ سمیت صنعتی بستیوں کو بلا تعطل بجلی فراہمی کا ...

  

 پشاور(سٹی رپورٹر)سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیر بازالیاس بلور نے پیسکو کی جانب سے حیات آباد انڈسٹریل اسٹیٹ سمیت خیبر پختونخوا میں قائم دیگر انڈسٹریل اسٹیٹس میں بجلی کی بار بار ٹرپنگ اور کم وولٹیج کو صوبے کی صنعتی ترقی کے خلاف منظم سازش قرار دیا ہے اور پیسکو سے مطالبہ کیا ہے کہ حیات آباد انڈسٹریل اسٹیٹ سمیت تمام صنعتی بستیوں کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقین بنائی جائے اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور کم وولٹیج کامسئلہ فوری طور پر حل کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیمبر ہاس میں صنعتکاروں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سرحد چیمبر کے سینئر نائب صدرانجینئر منظور الہی اور نائب صدر جنید الطاف بھی موجود تھے۔ سرحد چیمبر کے صدر شیر باز الیاس بلور نے صنعتوں کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے پر زور دیا اور کہا کہ بجلی کی بار بار ٹرپنگ سے نہ صرف قیمتی مشینری برقی آلات اور دیگر اشیا جل جاتی ہیں بلکہ مشینری میں موجود خام مال بھی ضائع ہوجاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پیسکو کی جانب سے سرحد چیمبر کو بار ہا یقین دہانی کے باوجود انڈسٹریل اسٹیٹ میں بجلی کی ٹرپنگ لوڈشیڈنگ اور کم وولٹیج کا مسئلہ تاحال حل نہیں کیا جاسکا۔ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ایک طرف بجلی کی لوڈشیڈنگ اور ٹرپنگ کا معاملہ ہے جبکہ دوسری جانب پیسکو پرمٹ کے نام پر بھی بجلی بند کردیتا ہے جس سے صنعتی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایسی صورتحال میں جبکہ پہلے سے موجود صنعتیں بجلی جیسے بنیادی خام مال سے محروم ہیں ایسے میں صوبے سے باہر کا کوئی بھی فرد اس صوبے میں صنعتی شعبے میں سرمایہ کاری نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ صنعتوں سے ہزاروں خاندان کا روزگار وابستہ ہے اور پیسکو کی جانب سے ٹرپنگ لوڈشیڈنگ اور کم وولٹیج کے باعث صنعتوں کی بندش سے مزدور طبقہ شدید متاثر ہوگا۔ انہوں نے وفاقی وزیر پانی و بجلی عمر ایوب اور پیسکو چیف ایگزیکٹو انجینئر محمد جبار خان سے مطالبہ کیا کہ حیات آباد انڈسٹریل اسٹیٹ سمیت تمام صنعتی بستیوں کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقین بنائی جائے اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور کم وولٹیج کامسئلہ فوری طور پر حل کیا جائے۔اس موقع پر صنعتکاروں نے چیمبر کے صدر کو حیات آباد انڈسٹریل اسٹیٹ سمیت دیگر صنعتی بستیوں میں بجلی سے متعلق مسائل تفصیل سے بیان کئے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -