بارش کے پانی کی نکاسی کیلئے کام جاری ہے،سہیل انور سیال
میرپورخاص(بیورو رپورٹ)صوبائی وزیر آبپاشی سہیل انورسیال نے کہا ہے کہ مون سون کی بارشوں کی وجہ سے سانگھڑ میرپورخاص عمرکوٹ اوربدین کی 5لاکھ ایکڑ ایراضی زیرآب تھی جس میں سے سوا4لاکھ ایکڑ زمین سے پانی کی نکاسی کرچکے ہیں اس امر اظہار انہوں نے ڈائریکٹر ناراکینال میرپورخاص کے دفتر میں بارش کے پانی کی نکاسی کے حوالے سے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ بارش کے پانی کی نکاسی کیلئے دن رات ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جارہا ہے تاہم پانی کی نکاسی میں بہت مسائل حائل ہیں جس میں کمیونٹی کے تنازعات پانی کی نکاسی کیلئے مقامی لوگوں کی جانب سے رستہ نہ دینے کیلئے معزز عدالت سے اسٹے آرڈر لینا شامل ہیں صوبائی وزیر نے کہا کہ شہروں سے بارش کا پانی نکالنا روینیو اورمیونسپل کی ذمیداری ہے تاہم محکمہ آبپاشی نے بھی یہ کام سرانجام دیا ہے انہوں نے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری نے بارش کے پانی کی نکاسی کے مسئلے کے مستقل حل کیلئے وزیر اعلیٰ سندھ کو ہدایات دی ہیں اورکہا ہے کہ اگر سندھ حکومت پاس فنڈ نہیں ہوں تو عالمی بنک سمیت قرض دینے والے اداروں سے بات کرکے یہ مسئلہ کیا جائے صوبائی وزیر نے انجینئروں کو ہدایت کی کہ پانی کی قدرتی گذرگاہیں بحال کراکے پانی کی نکاسی کیلئے اسکیمیں بنائی جائیں تاکہ زیادہ بارشوں کی صورت میں بارش کے پانی کو محفوظ طریقے سے سمندر میں چھوڑاجاسکے صوبائی وزیر نے کہا کہ اکتوبر کے آخرتک بارش کے پانی کی مکمل نکاسی ہوجائے گی اس سلسلے میں تمام انجینئروں کو ہیڈ کوارٹر نہ چھوڑنے اورپانی کی نکاسی کیلئے تمام وسائل بروئے کارلانے اور کوتاہی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کا بھی حکم دیا گیا ہے