منفی سیاست کے ذریعے انتشار پھیلانے والے عناصر ملک کی ترقی نہیں چاہتے: عثمان بزدار

    منفی سیاست کے ذریعے انتشار پھیلانے والے عناصر ملک کی ترقی نہیں چاہتے: ...

  

 لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ شعبہ کے فروغ کیلئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں لائیوسٹاک اور ڈیری ڈویلپمنٹ کے شعبہ میں بہت زیادہ پوٹینشل ہے۔ لائیوسٹاک شعبے کی پائیدار ترقی سے فارمرز معاشی لحاظ سے مضبوط ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ لائیوسٹاک سیکٹر میں ریسرچ اور ڈویلپمنٹ پر بہت توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ لائیوسٹاک ملکی معیشت کی ترقی کیلئے انجن کا کردار ادا کرتا ہے۔ دودھ اور گوشت کی زیادہ پیداوار حاصل کرنے کیلئے جدید تکنیک اپنانا ہوگی۔ پنجاب میں لائیوسٹاک فارمرز کو جدید سائنٹیفک طریقہ کار سے روشناس کرایا جائے گا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ شعبہ کے فروغ کے لئے خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ خصوصی کمیٹی 10 روز میں مستقبل کا روڈ میپ پیش کرے گی۔  سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن ذاتی مفادات کی سیاست کی آڑ میں ملکی مفادات سے کھیل رہی ہے۔ منفی سیاست کے ذریعے انتشار پھیلانے والے عناصر ملک کی ترقی نہیں چاہتے۔ ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنے والے 22 کروڑ عوام سے دشمنی کر رہے ہیں۔اپوزیشن ملک کو پسماندگی، بیروزگاری اور اندھیروں کی جانب دوبارہ دھکیلنا چاہتی ہے۔ اپوزیشن رہنماؤں کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں۔ واویلا مچانے والوں کا حال کی طرح مستقبل بھی تاریک ہے۔ عوام کی حمایت سے ترقی کے سفر کے خلاف ہر سازش ناکام بنائیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ایک بیان میں کہا کہ سابق دور میں روز نیا سکینڈل سامنے آتا تھا۔سابق حکمرانوں کے دور میں کرپشن کے نئے ریکارڈ قائم ہوئے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت پاکستان کی شفاف ترین حکومت ہے۔سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ احتیاطی تدابیر کو نظرانداز کرنے سے کورونا کے کیسوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ کورونا کی دوسری لہر کے خدشے کے پیش نظر احتیاط بے حد ضروری ہے اور عوامی مقامات پر ماسک کا استعمال ناگزیر ہے۔ماسک اور سماجی فاصلے کو عادت بنا کر کوروناسے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے صورتحال کنٹرول میں ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بتایا کہ پنجاب میں 24گھنٹے میں کورونا کے دو مریض جاں بحق ہوئے۔ 24 گھنٹے میں صوبے میں کورونا کے115 نئے کیس سامنے آئے۔ صوبے میں کورونا کے ایکٹو مریضوں کی تعداد1814 ہے۔عثمان بزدار نے مزید بتایا کہ پنجاب میں اب تک کورونا کے 96089 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔پنجاب میں اب تک 1318330 کورونا ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں جبکہ گزشتہ 24گھنٹے کے دوران10066ٹیسٹ کئے گئے۔پنجاب میں اب تک کورونا کے باعث 2245 مریض جاں بحق ہو چکے ہیں۔

مزید :

صفحہ اول -