صدارتی مباحثہ منسوخ نہیں کرنے دونگا، ٹرمپ، سخت حفاظتی تدابیر ورنہ منسوخ: جوبائیڈن

  صدارتی مباحثہ منسوخ نہیں کرنے دونگا، ٹرمپ، سخت حفاظتی تدابیر ورنہ منسوخ: ...

  

واشنگٹن (اظہر زمان،بیورو چیف) امریکی  صدر ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ وہ 15اکتوبر کو ریاست فلوریڈا کے ساحلی شہر فلوریڈا میں ہونے والے دوسرے صدارتی مباحثے کو منسوخ نہیں ہونے دیں گے۔ صدر ٹرمپ کرونا وائرس مثبت آنے پر ہسپتال داخل ہوئے تھے جہاں تین راتیں گزار کر وہ وائٹ ہاؤس واپس آئے تھے تو انہوں نے بیان دیا تھا کہ وہ دوسرے صدارتی مباحثے میں شرکت کیلئے پوری طرح تیار ہیں اور ویسے بھی اتنے دن گزرنے کے بعد وہ پوری طرح صحتیاب ہو چکے ہوں گے۔ ڈیمو کریٹک پارٹی کے صدارتی امیدوارسابق نائب صدر جوبائیڈن نے اس کے جواب میں کہا ہے کہ اگر صدر ابھی تک صحتیاب نہیں ہوئے تو پھر صدارتی مباحثہ نہیں ہوناچاہئے۔ ریاست پنسلوینیا میں اپنی انتخابی مہم کے دوران منگل کی شب اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس کے باعث مباحثے کیلئے سخت حفاظتی تدابیر اختیار کرنی ہوں گی کیونکہ اس وقت صدر اور وائٹ ہاؤس کے اندر ان کے عملے کے متعدد ارکان کرونا سے متاثر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان حالات میں اگر مباحثہ کرانا ہوا تو پھر سخت حفاظتی تدابیر اختیار کرنی ہوں گی۔ پہلے صدارتی مباحثے میں صدر ٹرمپ نے جوبائیڈن کی باتوں میں سخت مداخلت کی تھی اور مباحثے کا منتظم پوری کوشش کے باوجود انہیں روک نہیں سکا۔ اس لئے اب تجویز کیا جارہا ہے کہ مباحثے کے ضوابط کو سخت کیا جائے اور متنظم کی ہدایت پر عمل نہ کرنے والے امیدوار کا سپیکر بند کرنے پر بھی غور ہورہا ہے۔

صدارتی مباحثہ

مزید :

صفحہ اول -