انٹرنیشنل میڈیا رائٹس معاہدہ ختم ہونے پر فریقین نے قانونی راہ اختیار کر لیا، کیس کس عدالت میں دائر کیا گیا اور سماعت کہاں ہو گی؟ تفصیلات سامنے آ گئیں

انٹرنیشنل میڈیا رائٹس معاہدہ ختم ہونے پر فریقین نے قانونی راہ اختیار کر لیا، ...
انٹرنیشنل میڈیا رائٹس معاہدہ ختم ہونے پر فریقین نے قانونی راہ اختیار کر لیا، کیس کس عدالت میں دائر کیا گیا اور سماعت کہاں ہو گی؟ تفصیلات سامنے آ گئیں
کیپشن:    سورس:   Twitter

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا انٹرنیشنل میڈیا رائٹس معاہدہ ختم ہونے پر فریقین نے قانونی راہ اختیار کر لی اور ٹیک فرنٹ نے عبوری ریلیف کیلئے سٹے مانگ لیا ہے۔ 

نجی خبر رساں ادارے ایکسپریس نیوز کے مطابق 2019ءسے 2021ءتک پی ایس ایل کے بیرون ملک میڈیا رائٹس ٹیک فرنٹ انٹرنیشنل ایف زیڈ ای نے حاصل کر رکھے تھے، پی سی بی نے واجبات کی عدم ادائیگی سمیت متعدد بار معاہدے کی سنگین خلاف ورزیوں پر گزشتہ ماہ مذکورہ کمپنی سے راستے جدا کر لئے۔ 

ذرائع نے بتایا کہ ٹیک فرنٹ نے اب قانونی راہ اختیار کرتے ہوئے لندن کورٹ آف انٹرنیشنل آربیٹریشن سے رجوع کرتے ہوئے عبوری ریلیف کیلئے سٹے مانگا ہے جبکہ کیس سماعت کیلئے منظور بھی ہو گیا ہے جس کی تاریخ کا جلد اعلان ہوگا۔ 

اس حوالے سے رابطے پر پی سی بی کے ترجمان نے کہا کہ ٹیک فرنٹ سے معاہدے میں یہ شامل تھا کہ خاتمے پرنقصان کی تلافی کیلئے ہم آربیٹریشن میں جا سکتے ہیں اور بورڈ نے ایسا ہی کیا، اس پر عارضی ریلیف کیلئے مذکورہ کمپنی نے بھی یہی راہ اختیار کی، دونوں کیسز لندن کورٹ آف انٹرنیشنل آربیٹریشن میں ہیں لیکن ان کی سماعت پاکستان میں ہی ہوگی۔

اس سوال پر کہ پانچویں ایڈیشن کے باقی میچز کیلئے انٹرنیشنل میڈیا رائٹس کس کے پاس ہوں گے؟ ترجمان نے کہا کہ بین الاقوامی نشریات کیلئے متعلقہ براڈکاسٹرز اور مختلف سب لائسنسی سے رابطے جاری ہیں اور جلد کوئی فیصلہ ہو جائے گا جس کے بعد میڈیا کو بھی آگاہ کر دیں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ پی سی بی نے کہا تھا کہ پی ایس ایل 2021ءکیلئے ایک مربوط میڈیا رائٹس سٹریٹیجی تیار کرنے کا آغاز کردیا گیا ہے البتہ ابھی تک اس حوالے سے کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی، مذکورہ میڈیا پارٹنر نے ہی پانچویں ایڈیشن کے لائیو سٹریمنگ رائٹس جوئے کی کمپنی کوفروخت کئے تھے،کئی ماہ بعد بورڈ نے معافی قبول کرتے ہوئے کوئی ایکشن نہ لینے کا اعلان کیا تھا مگر واجبات کی عدم ادائیگی پر صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا۔

مزید :

کھیل -