جعلی ٹی آر پی ، بھارت میں 2 ٹی وی چینل مالکان گرفتار، ارنب گوسوامی کے خلاف بھی بڑا اعلان کردیا گیا

جعلی ٹی آر پی ، بھارت میں 2 ٹی وی چینل مالکان گرفتار، ارنب گوسوامی کے خلاف بھی ...
جعلی ٹی آر پی ، بھارت میں 2 ٹی وی چینل مالکان گرفتار، ارنب گوسوامی کے خلاف بھی بڑا اعلان کردیا گیا
کیپشن: ارنب گوسوامی پر الزام ہے کہ انہوں نے جعلی طریقے سے چینل کی ریٹنگ بڑھائی
سورس: Republic TV

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارت کے صنعتی شہر ممبئی کے پولیس کمشنر کا کہنا ہے  کہ 3 ٹی وی چینلز جعلی طریقے سے ٹی آر پی بڑھا رہے تھے، ان میں 2 مراٹھی چینلز اور ایک ارنب گوسوامی کا انگریزی نیوز چینل ریپبلک ٹی وی شامل ہیں۔ مراٹھی چینلز کے مالکان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ ارنب گوسوامی کو طلب کیا جارہا ہے، یہ کارروائی انڈین آئین کی دفعات 409 اور 420 کے تحت کی گئی ہے۔

ممبئی پولیس کے کمشنر پرم بیر سنگھ نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ممبئی پولیس نے ایک ایسے گروہ کا پتہ لگایا ہے جو جعلی ٹیلی ویژن ریٹنگ پوائنٹس (ٹی آر پی) تخلیق کرتا ہے۔ ان چینلز میں ارنب گوسوامی کا ریپبلک ٹی وی ، مراٹھی چینلز فکت مراٹھی اور باکس سینما شامل ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ سکینڈل سامنے آنے کے بعد ریپبلک ٹی وی کے بینک اکاؤنٹس کا جائزہ لیا جارہا ہے، اس کے علاوہ چینل کے مالک ارنب گوسوامی سمیت چینل کے پرموٹرز اور ڈائریکٹرز کو طلب کیا جائے گا۔

پولیس کمشنر نے بتایا کہ ٹی آر پی سکینڈل سامنے آنے کے بعد فکت مراٹھی اور باکس سینما کے مالکان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ بارک کی جانب سے ریپبلک ٹی وی کے خلاف شکایت درج کرائی گئی تھی کہ وہ ٹی آر پی پر اثر انداز ہوتے ہیں۔

خیال رہے کہ براڈ کاسٹ آڈینس ریسرچ کونسل  (بارک) انڈیا کی وہ کمپنی ہے جو ٹی وی چینلز کی ریٹنگ کا ریکارڈ شائع کرتی ہے۔ اس مقصد کیلئے کمپنی نے ممبئی میں 2 ہزار ریٹنگ میٹرز لگا رکھے ہیں جس کے بارے میں کسی بھی چینل کو معلومات نہیں دی جاتیں۔

پولیس کمشنر نے بتایا کہ میٹرز نصب کرنے کا کنٹریکٹ ہنسا ریسرچ کو دیا گیا ہے۔ ہنسا ریسرچ کی جانب سے الزام ہے کہ اس کے کچھ سابق ملازمین نے انتہائی خفیہ ڈیٹا لیک کیا ہے۔ اسی ڈیٹا کی بنیاد پر یہ ٹی وی چینلز ان گھروں کو رشوت دیتے رہے ہیں جن میں یہ ریٹنگ میٹرز لگے ہوئے تھے۔ چینلز کی جانب سے ان گھروں کو 400 سے 500 روپے ماہانہ دیے جاتے اور کہا جاتا کہ وہ 24 گھنٹے یہ ٹی وی چینلز چلا کر رکھیں۔

خیال رہے کہ ارنب گوسوامی کا ریپبلک ٹی وی انڈیا کا سب سے زیادہ دیکھا جانے والا انگریزی نیوز چینل ہے۔ اسی گروپ کا ریپبلک بھارت ہندی زبان کا سب سے زیادہ دیکھا جانے والا چینل بن چکا ہے۔ بارک کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق رات 9 بجے کی ٹائم سلاٹ میں ارنب گوسوامی کا شو سب سے زیادہ دیکھا جاتا ہے، انڈیا میں انگریزی نیوز چینلز دیکھنے والے 77 فیصد سے زائد ناظرین گوسوامی کا شو دیکھتے ہیں۔