پاکستان کی پہلی لڑکی جس کے ٹک ٹاک پر ایک کروڑ فالورز ہو گئے 

پاکستان کی پہلی لڑکی جس کے ٹک ٹاک پر ایک کروڑ فالورز ہو گئے 
پاکستان کی پہلی لڑکی جس کے ٹک ٹاک پر ایک کروڑ فالورز ہو گئے 

  

فیصل آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان کی نمبر ون ٹک ٹاک ماڈل اور فلمسٹار جنت مرزا کے ٹک ٹاک پر دس ملین فالووز مکمل ہوگئے ہیں جو مرد و خواتین سمیت کسی بھی پاکستانی ٹک ٹاک سٹارز میں سب سے زیادہ فالوورز ہیں۔مقامی اخبار ”روز نامہ جنگ “میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق جنت مرزا آج کل جاپان کے دورے پر ہیں جہاںگزشتہ روز جنت مرزا کے ایک کروڑ فالوورز مکمل ہونے کی خوشی میں پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین نے جنت مرزا اور ان کی فیملی کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا جس میں جاپان کی اہم سماجی اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔

اس موقع پر جنت مرزا نے بتایا کہ ان کی سید نور کی ہدایات میں بننے والی فلم تکمیل کے آخری مراحل میں ہے، جس میں صائمہ سمیت دیگر معروف فنکاروں نے کام کیا ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے حال ہی میں ایک میوزک ویڈیو میں بھی کام کیا ہے جس نے ریکارڈ کامیابی حاصل کی ہے اور صرف دو ہفتوں میں 20 ملین افراد نے ان کے گانے کو سوشل میڈیا پر دیکھا ہے۔جنت مرزا نے کہا کہ آج کل سوشل میڈیا انتہائی موثر اور طاقت ور میڈیم کی شکل اختیار کرچکا ہے جس میں ہر شخص جس میں ذرا بھی ٹیلنٹ ہے وہ دنیا بھر میں اپنی شناخت بنا سکتا ہے۔ جنت مرزا نے کہا کہ انہوں نے شوقیہ طور پر ٹک ٹاک ویڈیوز بنانا شروع کیں تاہم دیکھتے ہی دیکھتے اتنی مقبولیت حاصل ہوئی جس کے بعد سید نور صاحب اور صائمہ جی نے خود ان سے رابطہ کیا اور فلم میں کام کرنے کی پیشکش کی۔انہوں نے بتایا کہ شروع میں والدین نے اجازت نہیں دی تاہم سید نور صاحب نے خود والد سے رابطہ کرکے درخواست کی کہ ان کی فلم ایک فیملی فلم ہوگی جبکہ شوٹنگ کا ماحول بھی بالکل صاف ستھرا رکھا جائے گا، جس کے بعد والد صاحب کی اجازت سے فلم میں کام کرنا شروع کیا، شوٹنگ کے دوران والدہ بھی ساتھ ہی ہوتی ہیں۔

مزید :

تفریح -