سی سی پی او کا سروسز ہسپتال کا دورہ، زخمی اہلکاروں، شہریوں کی عیادت کی

سی سی پی او کا سروسز ہسپتال کا دورہ، زخمی اہلکاروں، شہریوں کی عیادت کی

  

لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر)سی سی پی او لاہور ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر  نے سروسز ہسپتال کا دورہ کیا۔ایس پی کینٹ ڈویژن عیسی سکھیرا،ڈی ایس پی باغبانپورہ سرکل اور دیگر پولیس افسران ان کے ہمراہ تھے  سربراہ لاہور پولیس نے باغبانپورہ کے علاقہ چونگی سٹاپ کی ایک موبائل فون شاپ پر ڈکیتی کی واردات کے دوان ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں اور شہریوں کی عیادت کی۔ غلام محمود ڈوگر نے ہسپتال میں زیر علاج پولیس ملازمین کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔سربراہ لاہور پولیس نے جان کی پرواہ کئے بغیر بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے  ڈکیتی کی کوشش ناکام بنانے پرزخمی پولیس اہلکاروں کو شاباش دی سی سی پی او غلام محمود ڈوگر نے طبی ماہرین کوزخمی پولیس اہلکاروں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی۔

سی سی پی او لاہور نے ایس پی کینٹ کو ہدایت کی کہ زیر علاج پولیس اہلکاروں کی دیکھ بھال اور علاج معالجے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

سی سی پی او لاہور نے میڈیا کے نمائندوں کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کہ انوسٹی گیشن ونگ کے پولیس اہلکار ای گیجٹ ایپ کے تحت چوری شدہ موبائل فونز کی روٹین تحقیقات کے سلسلے میں موبائل فون شاپ پر موجود تھے جب تین مسلح ڈاکو ڈکیتی کی نیت سے دوکان میں داخل ہوئے اور سب کو ہولڈ اپ کروا دیا جس پر نڈر پولیس اہلکاروں نے ڈاکووں کو پکڑنے کی کوشش کی۔ڈاکووں نے پولیس مزاحمت اور ڈکیتی میں ناکامی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس سے ان کا ایک اپنا ساتھی ہلاک ہوگیا۔ڈاکو کی فائرنگ سے پولیس اہلکار اعظم ہاتھ جبکہ اہلکار ارشد ٹانگ پر گولی لگنے سے زخمی ہوگئے۔غلام محمود ڈوگر نے بتایا کہ فرار ہونے والے ڈاکووں کی فائرنگ سے ایک دوکاندار اور گاہک بھی زخمی ہو گیا جو زیر علاج ہیں۔نامعلوم ہلاک ڈاکو کے ساتھی فرار ہوتے وقت اپنی موٹر سائیکل موقع پر چھوڑ گئے تھے۔سی سی پی او لاہور نے مزید کہا کہ شواہد کی بنا پر مزید تفتیش اور ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت کا عمل جاری ہے،مفرور ملزمان کو جلد ہی گرفتار کر لیا جائے گا۔

مزید :

علاقائی -