قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی دکھ ہوا، بلوچستا ن کے زلزلہ متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے: عثمان بزدار
لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اندرون لاہور کے شہریوں کی سہولت کیلئے میگاپراجیکٹ حضرت علی ہجویری داتا گنج بخش ؒ (شیرانوالہ)فلائی اوور کا باضابطہ سنگ بنیاد رکھ دیا۔اس منصوبے پر تقریبا5ارب روپے لاگت آئے گی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے پراجیکٹ کا باضابطہ سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ لاہور کی ثقافتی اورتاریخی اہمیت مسلمہ ہے،لاہورپاکستان کا دل ہے۔اندرون شہر میں تاریخی عمارتیں ہیں جس سے اندرون شہر سیاحوں کیلئے بہت کشش رکھتا ہے۔شیرانوالہ گیٹ کے قریب مینارپاکستان،شاہی قلعہ اورحضرت داتا گنج بخشؒ کا مزار ہے۔اندرون شہر کے لوگوں کے لئے پہلی بار کسی حکومت نے میگا پراجیکٹ شروع کیا ہے۔اس علاقے میں ماضی میں بھی بہت کام کرنے کی ضرورت تھی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شیرانوالہ فلائی اوورپراجیکٹ کا نام حضرت علی ہجویری داتا گنج بخش ؒ سے منسوب کرنے کا اعلان کیا ہے اورکہا کہ حضرت داتا گنج بخش ؒ فلائی اوور نئے اورپرانے لاہور کو آپس میں ملائے گا۔لاہور شہر میں ٹریفک کے مسائل کے حل کیلئے حضرت داتا گنج بخش ؒ فلائی اوور کی تعمیر ضروری تھی۔اس منصوبے پر 5ارب روپے لاگت آئے گی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے لاہو رمیں چوتھے بڑے پراجیکٹ کا آغاز کیا ہے۔ لعل شہباز قلندر انڈر پاس مکمل ہو چکا ہے، گلاب دیوی انڈرپاس مقررہ مدت سے پہلے ہی مکمل کر لیا جائیگا۔ شاہکام چوک اوورہیڈ برج کا منصوبہ بھی تیزی سے تکمیل کے مراحل طے کر رہا ہے۔ حضرت داتا گنج بخش ؒ فلائی اوور کیساتھ نئی سیوریج لائن بچھائی جارہی ہے۔حضرت داتا گنج بخش ؒ فلائی اوور پراجیکٹ کی شفاف ٹینڈرنگ کر کے 27کروڑ بچائے گئے ہیں۔ یہ منصوبہ مکمل ہونے سے روزانہ 1لاکھ30ہزار گاڑیوں کو آمدورفت میں آسانی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ایل ڈی اے نے اس منصوبے کو تیز رفتاری سے آگے بڑھایا ہے اورپراجیکٹ کو مقررہ مدت سے پہلے مکمل کیا جائے گا۔ تجارتی علاقوں میں پارکنگ کا مسئلہ حل کرنے کیلئے شیرانوالہ گیٹ،مستی گیٹ اورایک موریہ پل کے قریب 3بڑے پارکنگ پلازہ بھی تعمیر کیے جائیں گے۔پارکنگ پلازوں میں مجموعی طورپر ایک ہزار سے زائد گاڑیاں پارک کر نے کی گنجائش ہوگی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں آنے والے زلزلے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی دکھ اوررنج ہوا ہے۔مشکل کی گھڑی میں بلوچستان کے متاثرہ بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔پنجاب حکومت اورپنجاب کے عوام کی ہمدردیاں متاثرہ بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت بلوچستان کے زلزلہ متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔زلزلہ متاثرین کی ہر ممکن امداد کریں گے۔صوبائی وزیر ہاؤسنگ اسد کھوکھر نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اندرون لاہور کے شہریوں کیلئے میگا پراجیکٹ دے کر ہمارے دل جیت لئے ہیں۔یہ منصوبہ علاقے کی اشد ضرورت ہے۔ڈی جی ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس پراجیکٹ کیلئے ہر سطح پر پوری رہنمائی کی۔منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے۔انگریز دورکی بچھی بوسیدہ سیوریج لائن بھی تبدیل کی جارہی ہے۔ حضرت داتا گنج بخش ؒ فلائی اوور کے منصوبے کو وقت سے قبل مکمل کریں گے۔صوبائی وزراء اسد کھوکھر،خیال احمد کاسترو،سینیٹر اعجاز چوہدری،معاون خصوصی برائے اطلاعات حسان خاور،ایم پی اے سعدیہ سہیل، منتخب نمائندے،پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈرز،عہدیداران،کارکنان اور لوگوں کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔قبل ازیں وزیراعلیٰ عثمان بزدارتقریب میں پہنچے تو ڈی جی ا یل ڈی اے احمد عزیز تاڑر نے پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دی۔
دورہ
لاہور(جنرلر پورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے حضرت داتا گنج بخشؒفلائی اوور پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے بعد شہر کی مختلف سڑکوں کا دورہ کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بھاٹی گیٹ،داتا گنج بخش ؒ کے مزار،مزنگ،لٹن روڈاوردیگر سڑکوں پر صفائی کے انتظامات کاجائزہ لیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بعض سڑکوں پرصفائی کے ناقص انتظامات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے حکام اورڈپٹی کمشنر لاہورکی کارکردگی پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کی سرزنش کی اور صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سڑکوں کے گرد کوڑا کرکٹ کو فوری طور پر اٹھایا جائے- انہوں نے کہا کہ صفائی کے انتظامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگااورآئندہ صفائی کے حوالے سے شکایت سامنے آئی تو غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہو گی- سردار عثمان بزدار سے سینیٹر عون عباس بپی نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ ہر علاقے کی یکساں ترقی کیلئے 360ارب روپے کا ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج دیا ہے اورصوبے کی تاریخ میں پہلی بار نظرانداز کیے گئے علاقوں میں ترقیاتی کام ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے ہمیشہ افراتفری کی سیاست کو پروان چڑھایا اور انتشار کی سیاست کرنیوالی اپوزیشن خود مکافات عمل کا شکار ہوچکی ہے۔ ا فراتفری کی سیاست ملک و قوم کے مفاد میں نہیں۔انہوں نے کہا کہ تین برس کے دوران عوامی خدمت پر فوکس کیا ہے۔سردار عثمان بزدار سے وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور،سیاسی صورتحال اورراولپنڈی کے ترقیاتی منصوبوں پرتبادلہ خیال کیاگیا۔عثمان بزدار اورشیخ رشید نے بلوچستان میں زلزلے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس بھی کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ملاقات کے دوران گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ تین برس کے دوران صرف عوام کی خدمت کی ہے۔ ہماری سمت درست اور نیت نیک ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں پسماندہ علاقوں کو ترقی کی دوڑ میں شامل کیا ہے۔راولپنڈی کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ مخالفین نے تین برس میں صرف پراپیگنڈا کیا۔ماضی کی حکومتوں نے میرٹ کے نام پر اقرباء پروری کے کلچر کو فروغ دیا۔سابق ادوار کی غلط پالیسیوں کے باعث قومی خزانے کو نقصان پہنچا،جس کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑا۔انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے منصوبوں کے نام پرقومی وسائل کا بے دریغ ضیاع کیا اور عوام کی بنیادی ضرورتوں کو نظرانداز کیا۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت نے کورونا کا پھیلاؤروکنے کے لئے موثر عملی اقدامات کئے ہیں -شیخ رشید نے کہا کہ کرپشن کرنے والوں کامستقبل تاریک ہوچکا ہے۔پی ڈی ایم کی منفی سیاست ختم ہوچکی ہے۔اس موقع پر صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں اورپرنسپل سیکرٹری پنجاب بھی موجود تھے۔
ملاقات