کورونا وائرس سے 46افراد جاں بحق، 11اکتوبر سے ملک بھر میں تعلیمی ادارے معمول کے مطاق کھولنے کا فیصلہ
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) ملک بھر میں کورونا وائرس سے مزید 46 افراد جاں بحق ہو نے کے بعد اموات کی تعداد 28 ہزار 32 ہوگئی، ایک ہزار 453 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 12 لاکھ 55 ہزار 321 ہوگئی۔ جمعرات کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں 4 لاکھ 34 ہزار 647، سندھ میں 4 لاکھ 61 ہزار 869، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 75 ہزار 212، بلوچستان میں 33 ہزار 26، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 338، اسلام آباد میں ایک لاکھ 5 ہزار 930 جبکہ آزاد کشمیر میں 34 ہزار 299 کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 97 لاکھ 36 ہزار 872 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 51 ہزار 343 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 11 لاکھ 82 ہزار 894 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 934 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 46 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 28 ہزار 32 ہوگئی۔ پنجاب میں 12 ہزار 744، سندھ میں 7 ہزار 471، خیبرپختونخوا میں 5 ہزار 613، اسلام آباد میں 930، بلوچستان میں 349، گلگت بلتستان میں 186 اور آزاد کشمیر میں 739 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ حکومت نے تعلیمی اداروں کو معمول کے مطابق کھولنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور نینشل کمانڈ اینڈ آپریشنز سنٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ ملک بھر میں کورونا وائرس پھیلاؤ کم ہو گیا ہے۔ٹویٹر پر انہوں نے مزید لکھا کہ 50فیصد حاضری کی شرط ختم کر دی گئی، کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں کمی کے باعث این سی او سی نے تعلیمی اداروں کو معمول کے مطابق کھولنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کر لیا ہے ، پیر سے تعلیمی اداروں کو معمول کے مطابق کلاسز کی اجازت ہوگی۔ قبل ازیں وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور چیئرمین این سی اوسی اسد عمر کی زیرصدارت این سی اوسی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں کورونا وباء کے پھیلاؤ کی صورتحال اور ویکسی نیشن کے ڈیٹا کے پیش نظر پیر سے تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ پیر 11 اکتوبر سے تمام تعلیمی اداروں میں کلاسز معمول کے مطابق ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں معمول کے مطابق کلاسیں شروع کرنے کی اجازت کا فیصلہ کورونا بیماری کے پھیلاو? میں کمی اور سکولوں میں ویکسی نیشن کے پروگرام کے آغاز کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔
کورونا